پیر، 29-جون،2026
پیر 1448/01/14هـ (29-06-2026م)

وینزویلا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1500 کے قریب پہنچ گئیں، 50 ہزار افراد لاپتہ

29 جون, 2026 10:10

وینزویلا میں زلزلوں کے بعد ملبے سے لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1500 کے قریب پہنچ گئی ہے، جبکہ ہزاروں افراد لاپتہ ہیں۔

وینزویلا میں آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو خوفناک زلزلوں کے بعد بڑے پیمانے پر تباہی مچی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1450 ہو گئی ہے۔

زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ساحلی ریاست لا گوائرا میں درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، جہاں 2600 سے زائد غیر ملکی امدادی کارکن بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز نے بتایا کہ ملبے سے اب بھی لوگوں کو زندہ نکالا جا رہا ہے اس لیے ریسکیو آپریشن بند نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے اسکولوں کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیق کا اعلان کیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں 75 فیصد بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یورپ میں ریکارڈ توڑ ہیٹ ویو، فرانس میں گرمی کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک

قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگز نے بتایا کہ زلزلے کے باعث 3 ہزار 150 افراد زخمی، 12 ہزار 721 بے گھر ہوئے ہیں، جبکہ 774 عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہو چکی ہیں۔

حکومتی اعداد و شمار کے برعکس، اپوزیشن کی ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 50 ہزار لوگ اب بھی لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔ سوٹزرلینڈ کی 80 رکنی ریسکیو ٹیم کے سربراہ سیبسٹین یوگسٹر نے بتایا کہ زلزلے کے بعد کے ابتدائی 72 گھنٹے انتہائی اہم ہوتے ہیں اور ان کے کھوجی کتوں نے کئی مقامات پر زندگی کے آثار پائے ہیں۔

اس دوران امریکی امدادی ٹیم نے ملبے سے ایک شیر خوار بچے کو بحفاظت نکالا جبکہ کولمبیا اور میکسیکو کی ٹیموں نے بھی 11 سال کے دو بچوں کو ملبے سے زندہ نکالا، جنہیں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

روم میں پوپ لیو نے وینزویلا کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے جبکہ امریکہ نے متاثرین کے لیے کروڑوں ڈالر کے اضافی امدادی پیکج کا اشارہ دیا ہے۔ اس بڑی آفت کے دوران وینزویلا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری بھی بجلی کی بندش کے باعث بند ہو گئی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔