پیر، 29-جون،2026
پیر 1448/01/14هـ (29-06-2026م)

شہباز شریف ہتک عزت کیس، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جواب طلب

29 جون, 2026 11:35

لاہور کی سیشن کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف وزیر اعظم کے ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کو بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی جیل میں ملاقات کی درخواست پر جواب طلب کرتے ہوئے ملتوی کر دی۔

لاہور کی سیشن کورٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دائر کردہ 10 ارب روپے ہرجانے کے دعوے پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے اس کیس کی کارروائی چلائی۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل احمد حسین چوٹیا نے اپنے مؤکل سے جیل میں ملاقات کرنے کی اجازت کے لیے ایک متفرق درخواست دائر کی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے ہتک عزت کے اس دعوے میں بانی پی ٹی آئی کا حق دفاع بحال کر دیا ہے۔ اب بانی پی ٹی آئی سے حلف نامے پر دستخط کرانے اور شہباز شریف کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات تیار کرنے کے لیے تفصیلی مشاورت کرنا انتہائی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی ملاقاتوں پر پابندی کیس: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور ہوم سیکریٹری کو نوٹسز جاری

وکیل نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے 24 جون کو جیل سپرنٹنڈنٹ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے باقاعدہ درخواست دی تھی، لیکن جیل سپرنٹنڈنٹ نے یہ ملاقات نہیں کرائی۔

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کرانے کا واضح حکم جاری کرے، اور اگر کسی وجہ سے یہ ملاقات نہیں کرائی جاتی تو عدالتی نمائندے کی موجودگی میں بانی پی ٹی آئی سے حلف نامے پر دستخط لینے اور سوالات کے جواب موصول کرنے کا بندوبست کیا جائے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی اس درخواست پر وزیر اعظم شہباز شریف کے وکیل نے اپنا تحریری جواب داخل کرنے کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی، جس پر عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی فی الحال ملتوی کر دی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔