بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے پاکستانیوں کی زندگی خطرے میں ڈال رہا ہے، خرم دستگیر

خرم دستگیر خان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپریل 2025 سے سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے 24 کروڑ پاکستانیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے ایک سیمینار میں بھارتی جارحیت کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے اور بھارتی قیادت خود یہ اشتعال انگیز اعلان کر چکی ہے کہ پاکستان کو ایک قطرہ پانی بھی نہیں ملے گا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اپریل 2025 سے بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھا ہوا ہے اور وہ گزشتہ سال سے اس اہم معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ بھارت مشرقی دریاؤں میں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے پانی کا بڑا بہاؤ چھوڑ دیتا ہے، جس کے باعث اب تک 73 لاکھ پاکستانی شدید متاثر ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہم اپنے پانی کا ایک قطرہ بھی بھارت کو کنٹرول کرنے نہیں دیں گے، مصدق ملک
انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو پہلے روکتا ہے اور پھر سیلابی صورت میں اچانک چھوڑ کر پاکستانی عوام کو مسلسل مالی اور جانی نقصان پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ عالمی ثالثی عدالت کے مطابق سندھ طاس معاہدے کو کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر معطل نہیں رکھ سکتا، اور جنیوا معاہدے کے تحت بھی پانی کو کسی دوسرے سیاسی مسئلے سے جوڑ کر روکنا بلکل ممنوع ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پانی روک کر اتنی بڑی آبادی کو غذائی قلت سے دوچار کرنا ایک سنگین عالمی جرم ہے اور بھارت جان بوجھ کر 24 کروڑ پاکستانیوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے، خصوصاً سندھ کے نشیبی علاقوں کو پیاسا رکھا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے میں شامل دریاؤں کا تعلق ہماری زندگیوں سے ہے اور پاکستان ہر صورت اپنے حصے کے پانی اور اپنی تہذیب کی حفاظت کرے گا۔
انہوں نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے 4 جنگوں میں مادر وطن کا کامیابی سے دفاع کیا ہے اور ہم ہر علاقائی اور عالمی فورم پر بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا یہ مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھائیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









