منگل، 30-جون،2026
منگل 1448/01/15هـ (30-06-2026م)

ہم اپنے پانی کا ایک قطرہ بھی بھارت کو کنٹرول کرنے نہیں دیں گے، مصدق ملک

30 جون, 2026 14:29

مصدق ملک نے کہا ہے کہ پانی کو کنٹرول کر کے بطور ہتھیار استعمال کرنا ماحولیاتی نہیں بلکہ انصاف کا معاملہ ہے، پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے اسلام آباد میں سندھ طاس معاہدہ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں تباہ کن سیلابوں کا سامنا کیا ہے اور یہ محض ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ سراسر انصاف کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ پانی کی عدم دستیابی یا زیادہ بہاؤ کا نہیں بلکہ پانی کو کنٹرول کر کے اسے بطور ہتھیار استعمال کرنا ہے۔ پاکستان میں ایک بہت بڑے طبقے کا ذریعہ معاش زراعت ہے، جو براہ راست پانی سے وابستہ ہے، اس لیے پاکستان عالمی سطح پر یہ واضح کر چکا ہے کہ وہ اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ بلکل نہیں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ : بھارت سے مسائل حل نہ ہوئے تو عالمی ثالثی عدالت جائیں گے، کمشنر انڈس واٹر ٹریٹی

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ دنیا کے مضبوط ترین معاہدوں میں سے ایک ہے اور بھارت اس معاہدے کے تحت پانی کو اپنی مرضی کے مطابق کنٹرول نہیں کر سکتا۔

انہوں نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت عالمی عدالت میں کھڑے ہو کر کہتا ہے کہ وہ اس کا دائرہ اختیار تسلیم نہیں کرتا، اگر یہی صورتحال رہی تو پھر دنیا میں عالمی معاہدوں کا محافظ کون ہو گا؟

وفاقی وزیر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اس معاہدے پر عمل کروانا اور اپنے پانی کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتا ہے، کسی کو بھی علاقائی اور عالمی امن یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم بھارت کو عملاً یہ بات میدان جنگ میں بھی اچھی طرح سمجھا چکے ہیں اور ہم اپنے پانی کا ایک قطرہ بھی کسی کو کنٹرول کرنے نہیں دیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔