جمعرات، 1-اکتوبر،2026
جمعرات 1448/04/20هـ (01-10-2026م)

ماڈلنگ کے مواقع کا وعدہ، فارم ہاؤس پہنچتے ہی موبائل اور شناختی کارڈ لے لیے گئے؛ گڈاپ واقعے کا مقدمہ درج

01 اکتوبر, 2026 14:25

کراچی: گڈاپ سٹی میں فارم ہاؤس پر لڑکیوں کو ایونٹ اور ماڈلنگ کے مواقع فراہم کرنے کے نام پر بلانے اور ان کے موبائل فون سمیت دیگر سامان لے جانے کے معاملے پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 718/2026 کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 379، 420 اور 34 شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے مطابق متاثرہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا گروپس کے ذریعے لڑکیوں کو ایک ایونٹ میں شرکت اور ماڈلنگ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق لڑکیوں کو تقریب میں شرکت کے عوض 2 ہزار روپے معاوضہ دینے کی بات بھی کی گئی تھی۔ بعدازاں ایک شخص انہیں مختلف مقامات سے جمع کرکے بحریہ ٹاؤن کے قریب واقع فارم ہاؤس لے گیا۔

متاثرہ خاتون کے مطابق فارم ہاؤس پہنچنے کے بعد لڑکیوں کو بتایا گیا کہ انہیں ایونٹ میں شرکت کے بجائے انٹرویوز کے لیے بلایا گیا ہے۔

مقدمے کے مطابق اس دوران لڑکیوں کے موبائل فون جمع کرلیے گئے جبکہ بعض افراد کے پرس اور اصل شناختی کارڈ بھی لے لیے گئے۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ بعد میں لڑکیوں کو جانے کی اجازت دے دی گئی، تاہم ان کے موبائل فون اور دیگر سامان واپس نہیں کیا گیا۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ایک مسلح شخص اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دستیاب پولیس معلومات کے مطابق فارم ہاؤس کے ایک منیجر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جبکہ موبائل فون لے جانے والے شخص کی تلاش جاری ہے۔

واقعے کا وزیراعلیٰ سندھ نے بھی نوٹس لیا تھا، جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے تاکہ واقعے میں ملوث افراد اور غائب ہونے والے سامان سے متعلق مزید معلومات سامنے آسکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔