اتوار، 5-جولائی،2026
اتوار 1448/01/20هـ (05-07-2026م)

ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کو امریکہ اور یورپ سے لاکھوں ڈالر کی خفیہ فنڈنگ ملنے کا انکشاف

05 جولائی, 2026 12:48

بھارتی جریدے نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوتوا تنظیم آر ایس ایس کو مودی حکومت کی سرپرستی میں غیر ملکی ذرائع سے بھاری خفیہ فنڈنگ حاصل ہوتی رہی ہے، جس کا استعمال معاشرے میں نفرت پھیلانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

بھارتی جریدے دی وائر کی رپورٹ کے مطابق آر ایس ایس بیرونی ممالک سے خفیہ فنڈنگ حاصل کر کے مودی حکومت پر اثرانداز ہو رہی ہے اور حکومتی حلقوں کی اہم شخصیات بھی اس تنظیم سے وابستہ ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں قائم انڈین ڈیولپمنٹ اینڈ ریلیف فنڈ نے 1995 سے 2002 کے درمیان آر ایس ایس کو لاکھوں ڈالر منتقل کیے۔

اس دوران گجرات میں عیسائیوں پر تشدد اور 2002 میں مسلمانوں کے قتل عام میں ہندوتوا تنظیموں کے مبینہ کردار کے دستاویزی شواہد بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت تعلقات کی بحالی کے لیے 117 شخصیات کا مودی کو کھلا خط، بی جے پی سیخ پا

سیاسی تجزیہ نگار راجو پارولیکر کا کہنا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور یورپ میں سرگرم ہندو تنظیموں نے فلاحی کاموں کے نام پر فنڈز جمع کر کے آر ایس ایس کو فراہم کیے۔

رپورٹ کے مطابق مودی حکومت نے غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے پر عام فلاحی تنظیموں کے خلاف تو سخت کارروائیاں کیں لیکن آر ایس ایس کو قانون سے مکمل استثنیٰ حاصل رہا۔

بھارتی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق آر ایس ایس نے مغربی بنگال میں اپنے قوم پرستانہ نظریات کو پھیلانے کے لیے میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں کے تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار نوجوانوں تک رسائی کی کوشش کی ہے۔

بھارتی تجزیہ کار ڈاکٹر پنکج شریواستو کا کہنا ہے کہ آر ایس ایس اپنے خفیہ فنڈنگ کے ذرائع بے نقاب ہونے کے ڈر سے خود کو رجسٹرڈ کرانے سے گریز کرتی ہے اور اس پیسے سے پورے بھارتی معاشرے میں نفرت پھیلانے کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔