پیر، 6-جولائی،2026
پیر 1448/01/21هـ (06-07-2026م)

امجد ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

06 جولائی, 2026 14:48

نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں خطے میں سیاحت، سڑکوں کی بہتری اور معدنیات کے استعمال کو اپنی ترجیح قرار دیا ہے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے امجد حسین ایڈووکیٹ سے حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے اور گلگت بلتستان کے عوام نے الیکشن 2026 میں بھرپور حصہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیامر میں پہلی بار پاکستان پیپلزپارٹی کو بھاری مینڈیٹ ملا ہے اور نوجوانوں نے الیکشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

امجد حسین نے کہا کہ عوام نے بھاری ذمہ داری سونپی ہے، ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور بطور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھوں گا۔

یہ بھی پڑھیں : صدر اور وزیراعظم کا گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے حمایت پر نواز شریف کا مشکور ہوں کیونکہ ن لیگ نے جمہوری اصولوں کی پاسداری کر کے حکومت بنانے کا موقع دیا، جبکہ پیپلزپارٹی کی مدد کرنے پر عبدالعلیم خان اور ان کی ٹیم کا بھی بھرپور شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے خطے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے گلیشیئرز پاکستان کی پانی کی ضرورت کو پورا کرتے ہیں اور ملک کے لیے پن بجلی کی پیداوار میں بھی ان کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی نایاب ترین جنگلی حیات گلگت بلتستان میں موجود ہیں اور سیاحت کے اعتبار سے یہ خطہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، جہاں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے سیاح گلگت بلتستان میں آنا چاہتے ہیں اور سیاحوں کو سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہوگی، جس کے لیے سڑکوں کا انفراسٹرکچر بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گلگت بلتستان معدنیات سے بھرپور خطہ ہے اور مقامی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں، جس پر نئی حکومت فوری کام شروع کرے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔