منگل، 7-جولائی،2026
منگل 1448/01/22هـ (07-07-2026م)

کراچی میں آٹے کی بڑھتی قیمتیں؛ سندھ حکومت کا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

07 جولائی, 2026 14:26

کراچی سمیت سندھ بھر میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر سندھ حکومت نے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

 وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گندم کی دستیابی، ذخیرہ اندوزی، محکمہ خوراک میں اصلاحات اور مستقبل کی قومی گندم پالیسی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

 اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عوام کو مناسب قیمت پر آٹا فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں محکمہ خوراک کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مالی سال 2026-27 کے دوران سندھ کو تقریباً 15 لاکھ 90 ہزار ٹن گندم کی کمی کا سامنا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت سرکاری امدادی نرخ 3500 روپے فی من سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس صورتحال نے خاص طور پر کراچی کے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے دوران واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے جو مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ عوامی مفاد کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مارکیٹ میں آٹے کی مناسب فراہمی برقرار رکھی جائے۔

اجلاس میں محکمہ خوراک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گندم کی خریداری، ذخیرہ، ترسیل اور نگرانی کے پورے نظام کو مرحلہ وار ڈیجیٹل بنایا جائے تاکہ شفافیت میں اضافہ ہو اور بدعنوانی کے امکانات کم کیے جا سکیں۔ نجی شعبے کی شمولیت کے ذریعے جدید اجناس مینجمنٹ سسٹم کو فروغ دیا جائے تاکہ خوراک کی سپلائی بہتر انداز میں منظم کی جا سکے۔

کابینہ اجلاس میں محکمہ خوراک میں انٹیگریٹڈ ویٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کروانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ نے اس نظام کی اصولی توثیق کر دی ہے۔ اس کے علاوہ سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (SITC) کو منصوبے کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک ماہ کا وقت دینے کی سفارش بھی منظور کی گئی تاکہ نظام کو مؤثر اور جدید تقاضوں کے مطابق نافذ کیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران وفاق کی مجوزہ قومی گندم پالیسی 2026-2030 کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس پالیسی پر تفصیلی سفارشات مرتب کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ یہ کمیٹی مقررہ مدت میں اپنی سفارشات پیش کرے گی تاکہ سندھ کے مفادات اور عوامی ضروریات کو قومی پالیسی میں مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔