جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

ایران میں 2 فوجی ٹھکانوں پر فضائی حملے، امریکہ و اسرائیل کا ملوث ہونے سے انکار

10 جولائی, 2026 08:55

ایران کے 2 مختلف شہروں میں واقع فوجی ٹھکانوں کو جمعرات کی شام فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم امریکہ اور اسرائیل نے ان حملوں میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کی شام ملک کے 2 مختلف شہروں میں واقع ایرانی فوجی ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کیے گئے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے صوبہ بوشہر کے سیاسی اور سیکیورٹی نائب گورنر احسان جہانیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ بوشہر شہر کے قریب واقع ایک فوجی مرکز کو امریکہ اور اسرائیل کے دشمن میزائلوں اور گولوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای مشہد مقدس میں سپردِ خاک

واضح رہے کہ ایران کا ایٹمی پاور پلانٹ بھی بوشہر شہر کے مضافات میں واقع ہے، تاہم حکام نے حملے سے ہونے والے نقصانات یا جانی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب ایران کے سرکاری ٹی وی آئی آر آئی بی نے رپورٹ دی ہے کہ جنوبی شہر کونارک کے ایک بحری فوجی زون پر دشمن کے جنگی طیاروں نے 2 مراحل میں حملہ کیا ہے۔

کونارک کاؤنٹی کے گورنر محمد یونس حقانی کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

کونارک خلیج عمان کے مغربی ساحل پر صوبہ سیستان اور بلوچستان میں مکران کے ساحل پر واقع ایک اہم تجارتی اور اسٹریٹجک بندرگاہ ہے، جبکہ بوشہر کا شہر جنوبی ساحلی صوبے بوشہر میں واقع ہے۔

ان حملوں کے بعد امریکی حکام نے سی این این کو بتایا کہ امریکی فوج اس وقت ایران میں کسی قسم کے حملے نہیں کر رہی، جبکہ اسرائیلی حکام کا بھی کہنا تھا کہ انہیں فی الحال ایران میں ہونے والے ان حملوں میں اسرائیل کی کسی قسم کی شمولیت کا علم نہیں ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔