جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای مشہد مقدس میں سپردِ خاک

10 جولائی, 2026 08:47

ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو 6 روز تک جاری رہنے والی تاریخی الوداعی تقریبات کے بعد مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضے کے احاطے میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تجہیز و تکفین کا سلسلہ 3 جولائی سے شروع ہوا تھا، جس کا اختتام مشہد مقدس میں ان کی تدفین کے ساتھ ہو گیا۔

شہید سید علی خامنہ ای کو 28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید کیا گیا تھا۔ ان کی آخری رسومات اور الوداعی سفر 6 روز تک جاری رہا، جس کے بعد انہیں ان کے آبائی شہر مشہد میں روضۂ حضرت امام رضا علیہ السلام کے احاطے میں ابدی نیند سلا دیا گیا۔

ایرانی سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ ان کے بڑے صاحبزادے آیت اللہ سید مصطفیٰ خامنہ ای نے پڑھائی۔ اس موقع پر مشہد کی تمام سڑکیں لاکھوں سوگواروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں اور ہر طرف غم و عقیدت کا ماحول تھا۔

تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں ہونے والے ان جنازوں اور الوداعی تقریبات میں مجموعی طور پر تقریباً 4 کروڑ 30 لاکھ افراد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : شہید علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے پیچھے چھپی مذہبی، سیاسی اور نظریاتی اہمیت

تعزیتی جلوسوں اور نمازِ جنازہ میں 45 سے زائد ممالک کے سیاسی رہنماؤں اور نمائندوں سمیت 90 سے زیادہ ممالک کے علماء، مذہبی شخصیات اور سائنس دانوں نے بھی شرکت کی۔

شہید رہبر کے جسدِ خاکی کو عراق کے شہر نجف سے مشہد منتقل کیا گیا، جہاں ایرانی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے اسے حفاظتی حصار میں لے کر ائیرپورٹ تک پہنچایا۔

اس سے قبل عراق کے شہر کربلا میں روضۂ امام حسین علیہ السلام اور روضۂ حضرت عباس علیہ السلام پر بھی ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی تھی۔

ہوائی اڈے پر تابوت کی وصولی کے لیے عوام کا بہت بڑا مجمع موجود تھا، جبکہ پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے بھی ان مراسم میں شرکت کی۔

دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ حرمِ حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں ایک تعزیتی اجتماع ہوگا، جس میں آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی شرکت متوقع ہے۔

اس موقع پر ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ جنازے میں عوام کی یہ تاریخی شرکت قومی یکجہتی اور مزاحمت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس نے دنیا کی بڑی طاقتوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کیا کہ وہ اس عوامی غم کو کمزوری نہ سمجھیں، کیونکہ یہی سوگ اب انتقام کی شکل اختیار کرے گا اور ان دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذمہ داروں کو جلد یا بدیر اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔