پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، سعودی عرب میں بغیر ایجنٹ براہِ راست بھرتی شروع

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین افرادی قوت کی فراہمی کے تاریخی معاہدے کے تحت سال 2030 تک 10 لاکھ ہنر مند پاکستانیوں کو بغیر کسی ایجنٹ کے براہِ راست سعودی عرب بھیجا جائے گا۔
سعودی عرب میں روزگار کے خواہش مند پاکستانی نوجوانوں کے لیے یہ ایک بڑی پیش رفت ہے۔ پنجاب میں اس مشن کو پورا کرنے کے لیے پنجاب اسکلز ڈیولپمنٹ فنڈ بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔
ادارے میں سعودی پراجیکٹ کی سربراہ اذکا منیر کے مطابق ان کا ادارہ سالانہ 15000 تربیت یافتہ افراد کو سعودی عرب کے مختلف شعبوں میں بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے ایک مخصوص ہنر مند پول تیار کیا گیا ہے، جہاں نوجوانوں کے انٹرویو کر کے انہیں سعودی کمپنیوں کی طلب کے مطابق براہِ راست ملازمتیں دی جا رہی ہیں۔ اس وقت سعودی عرب میں صحت، تعمیرات اور افرادی قوت کے شعبوں میں سب سے زیادہ طلب ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب نے خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی
دوسری طرف پنجاب ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے بھی بیرونِ ملک بھرتی کا لائسنس حاصل کر لیا ہے، جس سے وہ بغیر ایجنٹ کے براہِ راست نوجوانوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں۔
اسی نظام کے تحت نرسنگ کا کورس مکمل کرنے والے رحیم یار خان کے اسد علی اور گوجرانوالہ کے محمد آصف کی فلائیٹ اسی ہفتے شیڈول ہے اور وہ بغیر کسی ایجنٹ کے دھوکے کے سرکاری سرپرستی میں سعودی عرب جا رہے ہیں۔
پنجاب کے علاوہ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے صوبائی ادارے بھی نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی نگرانی میں اس قومی ہدف کو پورا کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
نوجوانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان اداروں سے رابطہ رکھیں اور ہائی ڈیمانڈ شعبوں میں ڈپلومہ کورسز مکمل کر کے اس پول کا حصہ بنیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











