ایران کے اردن، قطر، عمان اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے

ایران کی پاسدارانِ انقلاب اور فوج نے امریکا کے فضائی حملوں کا جواب دیتے ہوئے اردن، قطر، عمان، کویت اور بحرین میں قائم امریکی فوجی انفراسٹرکچر پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے بڑے حملے کردیئے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے جاری بیان میں بتایا کہ انہوں نے اپنے ساحلی اڈوں پر امریکی بمباری کے جواب میں پہلے مرحلے کے تحت اردن کے پرنس حسن ایئر بیس کو نشانہ بنایا۔ بیلسٹک میزائلوں کے اس حملے میں امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور ایم کیو 9 ڈرونز کے ہینگرز مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
بیان کے مطابق دوسرے مرحلے میں قطر میں قائم امریکا کے بڑے ایئر بیس العدید کو نشانہ بنا کر وہاں جنگی طیاروں کی مرمت کا مرکز اور کنٹرول روم تباہ کر دیا گیا، جبکہ تیسرے مرحلے میں عمان کی بندرگاہ دقم پر امریکی بحری جہازوں اور طیاروں کے لاجسٹک سپورٹ اور ایندھن فراہم کرنے والے مراکز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی فوج کا ایران میں 140 فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
دوسری طرف ایرانی فوج (آرٹش) نے کویت اور بحرین میں امریکی ٹھکانوں پر بارود بردار ڈرونز سے حملے کیے، جن میں پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، اسلحہ کے گودام، مواصلاتی نیٹ ورک اور ریڈار سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔
ان حملوں کے بعد پورے خلیج میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ بحرین میں شدید سائرن بجنے کے بعد شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کویت اور متحدہ عرب امارات نے اپنے فضائی دفاعی نظام متحرک کر کے کئی اہداف کو فضا میں روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔
قطر کی وزارتِ داخلہ نے سیکیورٹی الرٹ ہائی کر دیا ہے اور تصدیق کی ہے کہ میزائل گرانے کے عمل کے دوران ملبہ گرنے سے ایک بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اردن کے عسکری ذرائع کے مطابق ایران سے داغے گئے 3 میزائل صبح کے وقت مختلف مقامات پر گرے، جن سے معمولی مالی نقصان ہوا ہے۔
ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی حکومت نے مزید کوئی جارحیت کی تو اس سے بھی زیادہ سخت فوجی جواب دیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











