ننکانہ صاحب میں 4 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

ننکانہ صاحب میں 4 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا مرکزی ملزم فرار ہونے کے بعد مبینہ پولیس مقابلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
ننکانہ صاحب میں 6 روز قبل تھانہ واربرٹن کی حدود میں 4 سالہ معصوم بچی ابیحہ کو مبینہ زیادتی کے بعد بیدردی سے قتل کر کے لاش قریبی نہر میں پھینکنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس نے پورے علاقے کو شدید سوگوار کر دیا۔
پولیس نے جدید تفتیش اور سائنسی شواہد کی بنیاد پر 72 گھنٹوں کے اندر مرکزی ملزم فیصل کو گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم فیصل کو جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے سرکاری گاڑی میں لے جایا جا رہا تھا، جہاں سے واپسی پر ملزم نے رفع حاجت کا بہانہ بنایا اور ہتھکڑی سمیت اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ملزم کے فرار ہوتے ہی پولیس کی جانب سے علاقے میں فوری طور پر سخت ناکہ بندی کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : میرپورخاص میں جعلی عامل کی دو کمسن بچیوں کو بیہوش کر کے زیادتی، ایک جاں بحق
ناکہ بندی کے دوران میراں پور کے قریب پولیس نے 3 مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تو انہوں نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت فوری جوابی کارروائی کی، جس کے دوران ہتھکڑی سمیت بھاگنے والا مرکزی ملزم فیصل مبینہ طور پر اپنے ہی موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کی اندھی گولیوں کی زد میں آ کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے 2 دیگر مسلح ساتھی رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ان ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ننکانہ صاحب منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے ملزم کے خلاف ہتھکڑی سمیت فرار ہونے اور پولیس مقابلے کے 2 الگ الگ مقدمات بھی درج کر لیے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










