مولانا فضل الرحمان کی عوامی ایکشن کمیٹی سے احتجاج ملتوی کرنے کی اپیل

مولانا فضل الرحمان نے کشمیر کی عوامی ایکشن کمیٹی سے احتجاج کا اگلا اقدام روکنے اور بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کے لیے چند دن احتجاج ملتوی کرنے کی اپیل کردی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزاد کشمیر کی عوامی ایکشن کمیٹی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فی الحال اپنے کسی بھی اگلے احتجاجی قدم سے گریز کریں اور مذاکرات کے لیے کچھ دن احتجاج ملتوی کریں۔ انہوں نے حکومت پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مکمل تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ضلع پونچھ کے صدر مقام راولاکوٹ اور اس کے گردونواح میں عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت میں کشمیری عوام اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے پرامن دھرنا دیے بیٹھے ہیں، تاہم اس دوران کچھ ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے، جس سے ماحول میں تلخی پیدا ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو زرداری کا آزاد کشمیر پر مصالحتی کمیشن بنانے کا مطالبہ
ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کا ہماری پارلیمان میں بھی تذکرہ ہوا، جس کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے مجھ سے اس تنازعے کو حل کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں جے یو آئی آزاد کشمیر کے رہنما مولانا سعید یوسف خان اور راولاکوٹ کی اہم قبائلی شخصیت کامران اعظم خان ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ ان کی اس موضوع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، جو اس وقت مظفرآباد میں موجود ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مجھے بتایا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہے ہیں لیکن چونکہ وہ ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے، اس لیے انہیں بھی کچھ مہلت درکار ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کشمیر میں کوئی خون خرابہ یا فسادات نہ ہوں اور بات چیت کے ذریعے پرامن حل نکلے تاکہ کشمیری اور پاکستانی عوام کے درمیان باہمی اعتماد کا رشتہ برقرار رہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









