جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

وزیراعلیٰ سندھ کا گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

16 جولائی, 2026 14:59

مراد علی شاہ نے اجلاس میں کہا کہ سندھ میں 6 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن گندم کا کوئی حساب نہیں، جامع گندم مینجمنٹ پلان تیار کیا جائے۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ خوراک کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں گندم کی پیداوار، موجودہ ذخائر اور مستقبل کی ضروریات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کارروائیوں کے دوران مختلف فلور ملز سے ایک لاکھ 72 ہزار میٹرک ٹن سے زائد چھپائی گئی گندم برآمد کی جا چکی ہے، جس سے مارکیٹ میں گندم کی دستیابی بہتر ہوئی ہے اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں آٹے کی قلت کا خدشہ، فلور ملز مالکان کی وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل

سیزن 2025-26 کے دوران سندھ میں 47 لاکھ میٹرک ٹن گندم کاشت کی گئی تھی اور گزشتہ سال کا ایک لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن ذخیرہ بھی موجود ہے۔ تاہم صوبے سے باہر گندم کی منتقلی کے باعث مارچ 2027 تک سندھ کو تقریباً 21 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن گندم کے خسارے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے گندم کو غذائی تحفظ سے وابستہ اہم ترین قرار دیتے ہوئے اس خسارے کو پورا کرنے کے لیے ابھی سے جامع گندم مینجمنٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اب بھی 6 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن گندم کا کوئی حساب موجود نہیں ہے، جس پر وزیراعلیٰ نے سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن جاری رکھنے اور ہر 15 روز بعد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔