جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کرنے کے نظام پر غور کر رہی ہے، وفاقی وزیر پیٹرولیم

20 جولائی, 2026 10:09

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کرنے کے نظام پر غور کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد قیمتوں کے تعین کے عمل کو زیادہ شفاف، مؤثر اور مسابقتی بنانا ہے تاکہ عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کا فائدہ یا اثر فوری طور پر صارفین تک پہنچایا جا سکے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ ماضی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہفتہ وار یا ایک مقررہ مدت کے بعد تبدیل کی جاتی تھیں۔ اس نظام میں قیمتوں میں متوقع تبدیلی سے پہلے بعض مقامات پر مصنوعی قلت پیدا کرنے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے امکانات بڑھ جاتے تھے۔ نئے نظام کے تحت قیمتوں میں کمی یا اضافہ روزانہ کی بنیاد پر منتقل ہوگا، جس سے اس قسم کی غیر ضروری سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے اس مجوزہ نظام کے حوالے سے پیٹرولیم صنعت کے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ بیشتر متعلقہ فریقین نے روزانہ قیمتوں کے تعین کے نظام کا خیرمقدم کیا ہے، کیونکہ اس سے مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی اور قیمتوں کے تعین کا عمل زیادہ واضح اور قابلِ اعتماد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جہاں بھی اپنا کردار محدود کرتی ہے، وہاں مارکیٹ کے اصولوں کے مطابق مسابقت بڑھتی ہے۔ اس کے نتیجے میں لاگت میں کمی آتی ہے اور صارفین کو بہتر قیمتوں اور خدمات کا فائدہ پہنچتا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو روزانہ بنیاد پر عالمی مارکیٹ سے منسلک کرنے سے قیمتوں میں غیر ضروری تاخیر کم ہوگی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم انڈسٹری کے بڑے نمائندوں کے ساتھ مزید مشاورتی اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ ان اجلاسوں میں پیٹرول پمپ مالکان، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور دیگر متعلقہ فریقین کے تحفظات سنے جائیں گے اور انہیں دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تفصیلی مشاورت مکمل ہونے کے بعد اس نظام کے بارے میں موجود خدشات کافی حد تک ختم ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر کے مطابق آئندہ اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) ایک آزاد ریگولیٹر کے طور پر قیمتوں کا تعین کرے گا۔ یہ عمل سیاسی مداخلت سے پاک ہوگا، جس سے نظام مزید شفاف اور مؤثر بنے گا۔ اوگرا کی آزادانہ نگرانی سے قیمتوں کے تعین میں اعتماد بڑھے گا اور صارفین کو بھی واضح انداز میں معلوم ہو سکے گا کہ قیمتوں میں تبدیلی کن عوامل کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔