جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

بھارت میں فوج اور پولیس کے تشدد کے باوجود کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج جاری

22 جولائی, 2026 12:36

نئی دہلی کے جنتر منتر پر امتحانی اسکینڈلز کے خلاف کاکروچ جنتا پارٹی اور طلبہ کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا، جہاں مظاہرین پولیس تشدد اور حکومتی دباؤ کے باوجود اپنے مطالبات پر قائم ہیں۔

نئی دہلی کے معروف احتجاجی مقام جنتر منتر پر بھارتی حکومت کے شدید دباؤ اور پولیس کریک ڈاؤن کے باوجود کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج دوسرے روز بھی بھرپور شدت کے ساتھ جاری رہا۔

امتحانی بے ضابطگیوں اور پرچہ لیک اسکینڈلز کے خلاف سڑکوں پر نکلنے والے ہزاروں طلبہ، والدین، نوجوانوں اور سماجی کارکنوں نے بھارتی ریاستی جبر کو مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ تعلیمی نظام کی ناکامی پر وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان اور وزیراعظم نریندر مودی دونوں کے استعفے تک یہ تحریک ختم نہیں ہوگی۔

اس سے قبل پیر کے روز مظاہرین نے تمام حکومتی رکاوٹیں توڑتے ہوئے بھارتی پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی جس کو طاقت کے ذریعے روکنے کے لیے بھارتی پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے وحشیانہ لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے شیل داغے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت میں طلباء کے احتجاج میں شدت، کاکروچ جنتا پارٹی کا وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ

اس دوران اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں خواتین اور پُرامن شرکا سمیت تقریباً 180 افراد زخمی ہو گئے۔

مظاہرین پر قابو پانے کے لیے بھارتی فوج کو بھی استعمال کیا گیا، جہاں عسکری اہلکار پولیس کے ساتھ مل کر اپنے ہی بے گناہ شہریوں پر ڈنڈے برساتے ہوئے نظر آئے، جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔

سیاسی میدان میں بھی صورتحال اس وقت شدید گرم ہو گئی جب راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی نے مودی کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دے کر طلبہ پر پولیس تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور وزیراعظم مودی سے قوم سے معافی کا مطالبہ کیا۔

بالی ووڈ کی معروف شخصیات شبانہ اعظمی اور پرکاش راج نے بھی جنتر منتر پہنچ کر نوجوانوں سے یکجہتی ظاہر کی، جبکہ شبانہ اعظمی نے خود ٹرک پر سوار ہو کر پولیس کی رکاوٹوں کو عبور کیا۔

عالمی انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس کریک ڈاؤن کو جمہوریت اور اختلافِ رائے کو دبانے کی سنگین کوشش قرار دیا ہے۔

مئی 2026 میں سوشل میڈیا سے شروع ہونے والی اس تحریک نے اب ایک عوامی انقلاب کی شکل اختیار کر لی ہے، کیونکہ بھارت کے بدعنوان تعلیمی نظام کے باعث میڈیکل کے 22 لاکھ امیدواروں کا پرچہ لیک ہونے پر دوبارہ امتحان دینا پڑا جبکہ 20 لاکھ ہائی اسکول طلبہ کا آن لائن مارکنگ نظام بھی بے ضابطگیوں کا شکار ہوا ہے۔

جنتر منتر پر دھرنا بدستور جاری ہے، تاہم کاکروچ جنتا پارٹی نے مزید کسی خونریزی سے بچنے کے لیے اپنا دوسرا پارلیمنٹ مارچ فی الحال مؤخر کر دیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔