منگل، 22-ستمبر،2026
منگل 1448/04/11هـ (22-09-2026م)

اقوام متحدہ عالمی امن و سلامتی کے تحفظ میں ناکام رہا، ادارے پر اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے: ایرانی وزیر خارجہ

22 ستمبر, 2026 11:13

نیویارک: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کے باعث اس کی ساکھ اور اس پر عالمی اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنے کے بعد اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ان کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران، امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد بھی ایک ایسے ماحول سے گزر رہا ہے جسے وہ عملاً حالتِ جنگ قرار دیتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم کو ایرانی عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور سلامتی کا تحفظ اس ادارے کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم ان کے بقول موجودہ عالمی حالات میں اقوام متحدہ اس ذمہ داری کو مؤثر انداز میں پورا نہیں کر سکا۔

عباس عراقچی نے جنرل اسمبلی کے اس سال کے موضوع ’’اعتماد کی بحالی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ موضوع خود عالمی اداروں پر اعتماد میں کمی کی عکاسی کرتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ بعض ممالک خود کو بین الاقوامی قوانین اور عالمی اداروں سے بالاتر سمجھتے ہیں، جبکہ ان کے اتحادیوں کو بھی اپنے اقدامات پر جواب دہی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

انہوں نے مغربی اور یورپی ممالک کے کردار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی حمایت کا دعویٰ کرنے والے ممالک موجودہ صورتحال میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے نیویارک پہنچنے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فون پر بھی گفتگو کی، جس میں جنرل اسمبلی کے ایجنڈے اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیویارک میں عالمی رہنماؤں کی سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں اور امریکا و ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطوں پر بھی گفتگو ہو رہی ہے۔

فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ممکنہ ملاقات کو مسترد نہیں کیا، تاہم ایسی کسی ملاقات کے انعقاد کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔