پاکستانی موبائل صارفین کیلئے پی ٹی اے نے ٹیرف معلومات تک رسائی آسان کردی

Good News For Mobile Phone Users
پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والے کروڑوں صارفین کے لیے اہم سہولت متعارف کروادی گئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو موبائل پیکیجز اور ٹیرف سے متعلق بہتر معلومات فراہم کرنے کے لیے اپنی آفیشل ویب سائٹ کے صارفین کی آگاہی سیکشن کو مزید وسیع اور آسان بنا دیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد موبائل صارفین کو مختلف ٹیلی کام سروسز کی قیمتوں اور ٹیرف کے رجحانات کے بارے میں واضح معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس سے صارفین کو مختلف موبائل پیکیجز کا جائزہ لینے میں آسانی ہوگی۔ وہ اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق بہتر پیکیج کا انتخاب بھی کرسکیں گے۔
نئے نظام کے تحت ملک میں کام کرنے والی سیلولر موبائل کمپنیوں کے مقبول ترین ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کی معلومات بھی صارفین کے لیے ایک جگہ فراہم کی گئی ہیں۔ پی ٹی اے نے صارفین کی تعداد کے لحاظ سے سرفہرست 15 ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کی قیمتوں کو جامع انداز میں پیش کیا ہے۔
اس معلومات کو صارف دوست انداز میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ موبائل صارفین کو کسی ایک کمپنی کے پیکیج کی معلومات حاصل کرنے کے لیے مختلف ویب سائٹس یا ذرائع تلاش نہ کرنا پڑیں۔ صارفین ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب پیکیجز کا جائزہ لے کر ان کا موازنہ کرسکتے ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں تازہ ترین ٹیرف شیٹس بھی شامل کی گئی ہیں۔ ان شیٹس میں مختلف موبائل پیکیجز کی موجودہ قیمتوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پیکیج کی مدت اور دیگر متعلقہ معلومات بھی شامل کی گئی ہیں۔
نئے ڈسپلے میں پیکیجز کی سہ ماہی قیمتوں، سالانہ قیمتوں میں اضافے کی شرح اور استعمال کی مدت سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ موبائل آپریٹرز کی جانب سے صارفین کو دی جانے والی مختلف مراعات کے بارے میں بھی معلومات شامل ہیں۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












