جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

حوثیوں کی سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو دھمکیاں، پاکستان کی شدید مذمت

22 جولائی, 2026 14:16

پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو دی جانے والی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بحری اثاثوں کے دفاع کیلئے طاقت کے استعمال کا اعلان کردیا۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی کے خلاف مسلسل جاری دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں کی یہ اقدامات خطے کی سیکیورٹی، آزادانہ جہاز رانی کے حقوق اور عالمی تجارت کی روانگی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ قانونی تجارت کرنے والے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے بیانات، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کی شدید مذمت

پاکستان نے اپنے مؤقف کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں یا ملک کے کسی بھی بحری مفاد کے خلاف کی جانے والی کسی بھی جارحانہ کارروائی کو پاکستان کی قومی سلامتی اور خودمختاری پر راست حملہ تصور کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے منشور اور عالمی قوانین کے تحت پاکستان اپنے بحری اثاثوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے دفاع کے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا مکمل حق رکھتا ہے، جس میں قانون کے مطابق طاقت کا استعمال بھی شامل ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے سعودی عرب کو مشرقِ وسطیٰ کے جاری تنازع میں گھسیٹنے کی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

تاہم پاکستان نے تناؤ میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے عزم کو دہراتے ہوئے تمام فریقین سے عالمی قوانین کا احترام اور بحری جہاز رانی کی سلامتی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔