جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

لاہور موٹروے زیادتی کیس: مجرمان کی اپیلیں خارج، سزائے موت برقرار

22 جولائی, 2026 14:37

لاہور ہائیکورٹ نے موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے ہائی پروفائل کیس میں مرکزی مجرمان عابد علی اور شفقت عرف بگا کی سزائے موت کے خلاف اپیلیں خارج کرتے ہوئے سزا کی توثیق کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے ملک کو ہلا کر رکھ دینے والے بدنامِ زمانہ موٹروے اجتماعی زیادتی کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے مرکزی مجرمان عابد علی اور شفقت عرف بگا کی سزائے موت کے خلاف دائر کردہ اپیلیں خارج کر دی ہیں اور دونوں مجرمان کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے اپیلوں پر فیصلہ سنایا۔

عدالتِ عالیہ نے اپنے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ ڈی این اے رپورٹس، میڈیکل رپورٹس اور سائنسی فرانزک شواہد نے مجرم عابد علی اور شفقت کے جرم کو شک و شبہے سے بالاتر ہو کر ثابت کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی بندرگاہ پر ایک لیٹر پیٹرول 195 اور ڈیزل 254 روپے کا پڑا، اوگرا کی رپورٹ جاری

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ واقعے کی رات متاثرہ خاتون کی گاڑی سے ملنے والے خون کے نمونے مجرم عابد علی کے ڈی این اے سے مکمل طور پر میچ ہوئے ہیں جبکہ شناخت پریڈ کے دوران بھی متاثرہ خاتون نے دونوں ملزمان کو درست پہچانا تھا، جس نے پراسیکیوشن کے مقدمے کو نا قابلِ تردید بنا دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ مجرمان نے رات کی تاریکی میں خاتون اور اس کے معصوم بچوں کو زبردستی گاڑی سے نکالا اور یہ انتہائی سنگین اور پورے معاشرے کو خوفزدہ کرنے والا جرم تھا۔ لہٰذا اجتماعی زیادتی کے ایسے کیس میں مجرمان کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جا سکتی اور انہیں دی جانے والی سزائے موت کی سزا جرم کی سنگینی کے عین مطابق ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کی جانب سے سزا بڑھانے کی اپیل بھی مسترد کرتے ہوئے عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔