پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کل سے 24 گھنٹوں کے لیے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے 5 مطالبات تسلیم نہ ہونے پر کل صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس 24 گھنٹوں کے لیے بند کرنے اور ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت اور اوگرا سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کل صبح 6 بجے سے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس 24 گھنٹوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے سینیئر ایڈوائزر ملک خدا بخش، چیئرمین سندھ حاجی امیر خان اور نائب صدر طارق حسن نے بتایا کہ وزیرِ پیٹرولیم اور چیئرمین اوگرا سے متعدد ملاقاتیں ہوئیں، تاہم ان کے جائز مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین اوگرا نے معاملے کے حل کے لیے 7 روز کی مہلت مانگی تھی، جسے ڈیلرز ایسوسی ایشن کی مینیجنگ کمیٹی نے مسترد کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی بندرگاہ پر ایک لیٹر پیٹرول 195 اور ڈیزل 254 روپے کا پڑا، اوگرا کی رپورٹ جاری
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کے سامنے 5 مطالبات رکھ، جن میں روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کو ختم کر کے اسے واپس ایک ماہ کی مدت پر لانے، گزشتہ 3 سال سے نہ بڑھنے والے ڈیلرز مارجن کو 8 فیصد کرنے اور پالیسی سازی کی میٹنگز میں ڈیلرز کو شامل کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔
اس کے علاوہ ڈیلرز نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرول کی ایلوکیشن کی پالیسی ختم کرنے اور پلاسٹک منی یعنی کارڈز کے ذریعے ادائیگیوں پر فیس کو 0 کرنے کی شرط بھی رکھی ہے۔
ڈیلرز رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر ان کے 5 مطالبات میں سے ایک بھی تسلیم نہ ہوا تو ہڑتال جاری رہے گی اور 24 گھنٹوں کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے آنے کے بعد سے ڈیلرز کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ذخیرہ اندوزی اور ایلوکیشن پالیسی کی وجہ سے ملک میں پیٹرول کی قلت پیدا ہوتی ہے۔
رہنماؤں کے مطابق کراچی میں 625، سندھ بھر میں 3 ہزار 600 اور ملک بھر میں 13 سے 14 ہزار پیٹرول پمپس موجود ہیں، جو اس ہڑتال میں شامل ہوں گے جبکہ جعلی پیٹرول پمپس سے ایسوسی ایشن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









