جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

پی ٹی اے کا موبائل صارفین کیلئے اہم الرٹ، شناختی کارڈ فعال رکھنے اور ڈیپ فیک مواد سے محتاط رہنے کی ہدایت

23 جولائی, 2026 09:05

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے موبائل صارفین کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے شناختی کارڈ فعال رکھنے اور انٹرنیٹ پر تصاویر و ویڈیوز کی تصدیق کے حوالے سے خبردار کر دیا ہے۔

پی ٹی اے نے صارفین کو موبائل سروس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق اگر کسی صارف کا شناختی کارڈ منسوخ ہو جائے، اس کی مدت ختم ہو جائے یا سم کسی ایسے شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہو جس کا انتقال ہو چکا ہو تو متعلقہ موبائل سروسز بند کی جا سکتی ہیں۔

پی ٹی اے نے واضح کیا کہ تین صورتوں میں سم سروس معطل ہونے کا امکان ہے، جن میں نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ کی منسوخی، شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونا اور فوت شدہ فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم شامل ہیں۔

پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ جن افراد کے شناختی کارڈ کی مدت ختم ہو چکی ہے وہ فوری طور پر نادرا سے کارڈ کی تجدید کرائیں تاکہ موبائل سروس میں کسی قسم کی رکاوٹ سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب پی ٹی اے نے سوشل میڈیا صارفین کو مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ جعلی تصاویر اور ڈیپ فیک ویڈیوز سے محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

اتھارٹی نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر موجود ہر تصویر، ویڈیو یا خبر حقیقت پر مبنی نہیں ہوتی، کیونکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسا مواد تیار کیا جا سکتا ہے جو بظاہر حقیقی نظر آتا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق جعلی یا تبدیل شدہ مواد افراد کی ساکھ، عوامی اعتماد اور سماجی تعلقات کو نقصان پہنچا سکتا ہے، اس لیے کسی بھی غیر معمولی مواد کو شیئر کرنے سے پہلے مستند ذرائع سے تصدیق ضروری ہے۔

پی ٹی اے نے عوام پر زور دیا کہ ڈیجیٹل دور میں ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے "پہلے سوچیں، پھر شیئر کریں” کے اصول پر عمل کریں تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔