جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

سام سنگ کمپنی کے وفد کی وزیر تجارت سے ملاقات؛ پاکستان میں موبائل مینوفیکچرنگ اور برآمدی مرکز بنانے پر زور

23 جولائی, 2026 09:14

اسلام آباد: عالمی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے وفد نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری، برآمدات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اہم تجاویز پیش کی گئیں۔

ملاقات کے دوران سام سنگ کے وفد نے پاکستان کو موبائل فون مینوفیکچرنگ اور عالمی سپلائی چین کا حصہ بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے کمپنی کو پاکستان میں تیار ہونے والے موبائل فونز کو افریقہ سمیت عالمی مارکیٹوں میں برآمد کرنے کی دعوت دی۔

جام کمال خان نے کہا کہ حکومت عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری، روزگار اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صرف مقامی صارفین کی مارکیٹ تک محدود رہنے کے بجائے عالمی مینوفیکچرنگ نیٹ ورک کا اہم حصہ بننا ہوگا۔

ملاقات میں سام سنگ کی جانب سے پاکستان میں سرٹیفائیڈ موبائل فون ریفربشمنٹ مراکز قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر تجارت نے اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی اور برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت موبائل انڈسٹری میں حقیقی مینوفیکچرنگ، ویلیو ایڈیشن، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور برآمدی صلاحیت بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔

سام سنگ وفد نے پاکستان میں موبائل صنعت سے متعلق ٹیکس اور ٹیرف پالیسی پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ استعمال شدہ موبائل فونز کی کمرشل درآمد مقامی صنعت کی ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

وفد نے تجویز دی کہ استعمال شدہ موبائل فونز کی درآمد کے بجائے پاکستان میں سرٹیفائیڈ ریفربشمنٹ ماڈل متعارف کرایا جائے، جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا اور صارفین کو بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ آئندہ موبائل انڈسٹری پالیسی میں سرمایہ کاری، لوکلائزیشن، برآمدات اور ویلیو ایڈیشن کو ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے سام سنگ کو ہدایت کی کہ ریفربشمنٹ، برآمدی صلاحیت، سرمایہ کاری اور عالمی معیار کے بہترین طریقہ کار سے متعلق تفصیلی تجاویز فراہم کی جائیں۔

جام کمال نے کہا کہ استعمال شدہ موبائل فونز کی درآمد سے متعلق فیصلے شواہد، مرحلہ وار حکمت عملی اور صارفین کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سام سنگ سمیت عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے تعاون سے پاکستان میں جدید صنعت، روزگار کے مواقع اور برآمدات میں اضافہ کیا جائے گا۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔