جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

موبائل کال اور ڈیٹا پیکجز مہنگے، پی ٹی اے نے نئی قیمتوں کی تفصیلات جاری کر دیں

23 جولائی, 2026 09:25

اسلام آباد: پاکستان میں موبائل کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مختلف ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کے نئے ٹیرف کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق بعض پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق موبائل صارفین کو اب ماہانہ، 15 روزہ، ہفتہ وار اور روزانہ بنیادوں پر دستیاب مختلف پیکجز کے لیے زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔

ماہانہ اور 15 روزہ پیکجز میں بڑا اضافہ

پی ٹی اے کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز میں 300 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمتوں میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا، جبکہ تین روزہ موبائل پیکجز کے نرخ 21 روپے تک بڑھا دیے گئے ہیں۔

روزانہ اور دو روزہ پیکجز بھی مہنگے

نئے ٹیرف کے مطابق دو روزہ موبائل پیکجز میں 20 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ تمام ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کے نئے نرخ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر جاری کر دیے گئے ہیں، جہاں صارفین پیکجز کی قیمت، مدت اور دستیاب سہولیات کی مکمل معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

صارفین کے لیے پیکجز کا موازنہ آسان ہوگا

پی ٹی اے کے مطابق نئے نظام کے تحت صارفین مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز کا آسانی سے جائزہ لے سکیں گے اور اپنی ضروریات کے مطابق مناسب پیکج کا انتخاب کر سکیں گے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام شعبے میں شفافیت برقرار رکھنا اور صارفین کے مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔