امریکہ کے ایران پر مسلسل 12ویں رات بھی شدید فضائی حملے، بوشہر، ہرمزگان اور خوزستان دھماکوں سے لرز اٹھے

امریکہ نے ایران پر مسلسل 12ویں رات شدید فضائی حملے کیے، جن میں متعدد ایرانی شہروں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایرانی وزارت صحت کے مطابق ان امریکی حملوں میں اب تک 53 شہری شہید اور 592 زخمی ہو چکے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران کے خلاف نئے حملے کیے ہیں، جو کہ مسلسل 12ویں رات جاری رہے۔
ایرانی صوبوں ہرمزگان، بوشہر اور خوزستان کو امریکی جارحیت کا نشانہ بنایا گیا۔ بوشہر کے گورنر نے تصدیق کی کہ جمعرات کی صبح ایک علاقے پر حملہ ہوا، جبکہ اس سے قبل بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریب بجلی کے سب اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا، جس سے شہر میں کئی گھنٹے بجلی معطل رہی۔
امریکی حملوں میں خوزستان میں اندیمشک، رامشیر، اہواز اور ماہ شہر جیسے اہم علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک اسفالٹ پلانٹ بھی متاثر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : پلوں اور بجلی گھروں پر حملہ ہوا تو پورے خطے کے توانائی نظام کو نشانہ بنائیں گے، ایران
ہرمزگان کے اہم شہر سیریک اور جاسک میں بھی شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ دوسری جانب تسنیم اور فارس نیوز ایجنسیوں کے مطابق بوشہر کے ایک ملٹری سائٹ کو مقامی وقت کے مطابق رات 4 بجے امریکی میزائل نے نشانہ بنایا۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران کی سمندری اور ملٹری صلاحیتوں، میزائل و ڈرون ذخائر اور ایئر ڈیفنس سسٹمز کو تباہ کرنا ہے تاکہ تجارتی جہازوں کی حفاظت کی جا سکے۔
امریکہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے ایران کی اہم بندرگاہوں کا محاصرہ کر رکھا ہے، جس کے دوران 9 تجارتی جہازوں کو راستہ بدلنا پڑا۔
ادھر ایرانی وزارت صحت کے ترجمان حسین کرمان پور نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ فروری سے جاری تنازع کے بعد سے اب تک امریکی حملوں میں 53 افراد شہید اور 592 زخمی ہوئے ہیں۔
شہدا میں 6 خواتین اور 18 سال سے کم عمر کے 3 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 39 خواتین اور 23 بچے شامل ہیں۔ علاج کے بعد 535 افراد کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ 36 افراد ابھی بھی زیر علاج ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












