گوگل نے اکاؤنٹ ریکوری کو بنایا مزید آسان، سیلفی ویڈیو آپشن متعارف

گوگل نے اپنے صارفین کے لیے اکاؤنٹ ریکوری کو مزید آسان اور محفوظ بنانے کے لیے نئی سیلفی سائن اِن (Selfie Sign-in) سہولت متعارف کرا دی ہے۔ یہ فیچر صارفین کو پاس کیز، ریکوری کانٹیکٹس اور دیگر روایتی طریقوں کے ساتھ اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی حاصل کرنے کا ایک نیا متبادل فراہم کرے گا۔
اس فیچر کے تحت صارف کو اپنے موبائل یا کمپیوٹر کے کیمرے کے سامنے ایک مختصر سیلفی ویڈیو ریکارڈ کرنی ہوگی۔ ویڈیو بناتے وقت گوگل کی ہدایات کے مطابق سر کو مختلف سمتوں میں حرکت دینا ہوگی تاکہ چہرے کے مختلف زاویوں کو محفوظ کیا جا سکے۔ یہ ویڈیو صارف کے گوگل اکاؤنٹ میں محفوظ رہے گی اور ضرورت پڑنے پر اکاؤنٹ ریکوری کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔
گوگل کے مطابق اگر صارف کے پاس اپنا ای میل، پاس ورڈ یا قابلِ اعتماد ڈیوائس دستیاب نہ ہو تو وہ نئی سیلفی ویڈیو بنا کر اپنے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ اس دوران گوگل نئی ویڈیو کا موازنہ پہلے سے محفوظ ویڈیو سے کرے گا، اور شناخت کی تصدیق ہونے پر اکاؤنٹ تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نظام میں متعدد حفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں تاکہ مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ تصاویر یا ویڈیوز کے ذریعے کسی اور کی شناخت استعمال کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
گوگل نے واضح کیا ہے کہ سیلفی ویڈیوز مکمل طور پر انکرپٹڈ انداز میں محفوظ کی جائیں گی اور صرف اکاؤنٹ میں سائن اِن یا ریکوری کے مقصد کے لیے استعمال ہوں گی، جب تک کہ صارف انہیں دیگر مقاصد کے لیے شیئر کرنے کی اجازت نہ دے۔ صارف کسی بھی وقت اپنی محفوظ کردہ سیلفی ویڈیو کو حذف بھی کر سکتا ہے۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر برازیل میں آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ اب اسے گوگل اکاؤنٹس کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ تاہم، یہ سہولت گوگل ورک اسپیس (Workspace)، بچوں کے اکاؤنٹس اور ایڈوانسڈ پروٹیکشن پروگرام میں شامل اکاؤنٹس کے لیے دستیاب نہیں ہوگی۔
گوگل نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹ میں ایک سے زیادہ سائن اِن اور ریکوری طریقے فعال رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اکاؤنٹ تک رسائی برقرار رکھی جا سکے۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











