پاک بحریہ نے سمندر میں پھنسی کشتی کے 8 ایرانیوں سمیت 19 ماہی گیروں کو بچا لیا

پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں انجن خراب ہونے کی وجہ سے پھنسی کشتی کے تمام 19 ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے، جن میں 8 ایرانی شہری بھی شامل ہیں۔
پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور نے شمالی بحیرہ عرب میں گوادر سے 120 ناٹیکل میل دور کامیاب اور بروقت ریسکیو آپریشن سرانجام دیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق الجلالی نامی ماہی گیروں کی کشتی کا انجن خراب ہونے کے باعث وہ شدید مشکلات کا شکار ہو کر سمندر میں پھنس گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران چین سے 400 پورٹیبل فضائی دفاعی نظام خریدنے کی تیاری میں ہے، ذرائع
جوائنٹ میرین ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کے ذریعے اس آپریشن کی بہترین رابطہ کاری کی گئی، جس کی بدولت کشتی پر سوار تمام 19 افراد کی جانیں بچا لی گئیں۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل ہیں۔
پاک بحریہ کے جہاز نے موسم کی خرابی اور مون سون کی تیز لہروں کے باوجود حادثے کا شکار کشتی کے عملے کو فوری طور پر خوراک، پینے کا صاف پانی اور طبی سہولیات فراہم کیں، جس کے بعد کشتی کو محفوظ طریقے سے ساحل کی طرف کھینچ لیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ہمہ وقت تیاری اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سمندر میں انسانی جانوں کا تحفظ پاک بحریہ کا قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










