سی ٹی ڈی حیدرآباد کی کارروائی، کالعدم ایس ایل اے کا خطرناک دہشتگرد گرفتار

سی ٹی ڈی حیدرآباد نے قاسم آباد سے کالعدم ایس ایل اے کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کر کے 14 اگست کے موقع پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) سندھ نے حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ایس ایل اے کے انتہائی مطلوب دہشتگرد سومار ملاح کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشتگرد کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ، ایک عدد 30 بور پسٹل اور 6 زندہ گولیاں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ اس کا ایک ساتھی اسرار موٹر سائیکل پر ہینڈ گرنیڈ سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سی ٹی ڈی حیدرآباد کی کارروائی، کالعدم ایس آر اے کا خطرناک دہشت گرد گرفتار
ابتدائی تفتیش میں سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار دہشتگرد 14 اگست کو یومِ آزادی کی تقریبات کے موقع پر شہر میں بڑے پیمانے پر دہشتگردی اور تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
اس کے علاوہ ملزم ٹیرر فنانسنگ میں بھی ملوث رہا ہے اور اس نے جشنِ آزادی کی خوشیوں کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ تیار کر رکھا تھا، جسے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد سومار ملاح حیدرآباد کے مختلف تھانوں میں دہشتگردی اور دیگر سنگین جرم کے 7 سے زائد مقدمات میں اشتہاری اور طویل عرصے سے روپوش تھا۔
پولیس اور سیکیورٹی ادارے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں اور گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








