پنجاب میں اسکول کھولنے کی تیاریاں، وزیر تعلیم نے اہم ہدایات جاری کردیں

Provincial Government Announces Major Initiative for Educational Institutions
لاہور: پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی سے قبل صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو طلبہ کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
صوبائی وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اسکول کھلنے سے قبل کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدانوں اور دیگر حصوں کی مکمل صفائی کرائی جائے۔ اس کے ساتھ اسکولوں میں صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی دستیابی یقینی بنانے اور پانی کی ٹینکیوں کی صفائی و جراثیم کشی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مون سون اور ڈینگی کے پیش نظر خصوصی اقدامات
مون سون کے موسم کے پیش نظر اسکولوں میں نکاسی آب کے نظام کا بھی مکمل جائزہ لینے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ بارش کا پانی جمع ہونے سے مچھروں کی افزائش کے امکانات کم کیے جاسکیں۔
رانا سکندر حیات نے ڈینگی سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں میں ایسے مقامات کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے جہاں پانی جمع ہونے کا امکان ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے مؤثر انتظامات اور پانی جمع ہونے والے مقامات کے خاتمے کے ذریعے طلبہ کو ڈینگی سمیت مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
زیر تعمیر مقامات کو بچوں سے محفوظ رکھنے کی ہدایت
وزیر تعلیم نے اسکولوں میں جاری تعمیراتی یا مرمتی کام کے مقامات کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ ایسے علاقوں کے گرد مناسب حفاظتی رکاوٹیں لگانے اور تعمیراتی سامان کو طلبہ کی پہنچ سے دور رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ تمام اسکولوں میں پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی وائرنگ کا مکمل معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اسکول کھلنے کے بعد کسی بھی ممکنہ برقی حادثے سے بچا جاسکے۔
اسکولوں کی سیکیورٹی بھی یقینی بنانے کا حکم
تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی انتظامیہ کو ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں سیکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سیکیورٹی آلات کو اسکول کھلنے سے قبل مکمل طور پر فعال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے اسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ 24 اگست سے قبل اپنے اداروں کا حتمی معائنہ مکمل کریں اور صفائی، سیکیورٹی، بجلی، پانی، نکاسی آب سمیت دیگر ضروری انتظامات میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کریں۔
غفلت پر کارروائی کی وارننگ
رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ اسکول کھولنے سے قبل جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ذمہ دار افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












