منگل، 18-اگست،2026
منگل 1448/03/05هـ (18-08-2026م)

آپریشن سندور پر بھارتی ڈاکیومنٹری تضادات کا مجموعہ، سچائی کا خون اور بالی ووڈ ڈرامہ ہے، آئی ایس پی آر

18 اگست, 2026 08:56

آئی ایس پی آر نے بھارت کی جانب سے ’آپریشن سندور‘ کے نام پر بنائی گئی جھوٹی ڈاکیومنٹری کو سچائی کا خون اور بالی ووڈ ڈرامہ قرار دیتے ہوئے معرکہ حق میں بھارتی شکست کے تمام آپریشنل حقائق دنیا کے سامنے رکھ دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی بھارت اپنی تلخ شکست اور حقیقت کا سامنا کرنے سے مسلسل انکاری ہے۔

بھارتی حکام نے آپریشن سندور کے نام پر تاریخ کو دوبارہ لکھنے اور سچائی کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے، جسے مکمل طور پر بے نقاب کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن سندور سے متعلق بھارتی ڈاکیومنٹری اصل حقائق پر مبنی ہونے کے بجائے جذباتی بیانیے، ڈرامائی کہانیوں اور بالی ووڈ کے انداز کی عکاس ہے۔ بھارتی عسکری اور سیاسی قیادت کا دعویٰ کسی بھی طور پر آپریشنل ریکارڈ اور جنگی شواہد سے مطابقت نہیں رکھتا۔

ترجمان پاک فوج نے حقائق بیان کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاک فوج نے بھارتی جارحیت کو مکمل طور پر ناکام بناتے ہوئے 8 بھارتی فوجی طیارے تباہ کیے۔

پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت 26 اہم بھارتی فوجی اہداف کو انتہائی مہارت سے نشانہ بنایا۔ بھارتی عسکری قیادت خود بھی پاکستانی میزائلوں، ڈرونز اور فضائی کارروائیوں کی برتری کا اعتراف کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مکہ معاہدہ خطے میں امن اور ترقی کیلئے ہے، بھارت دوبارہ حملے کی ہمت نہیں کرے گا، خواجہ آصف

آئی ایس پی آر نے نشاندہی کی کہ بھارتی ڈاکیومنٹری میں ایل او سی پر شدید جھڑپوں اور ایئر ڈیفنس نظام کے مسلسل فعال رہنے کا اعتراف خود بھارت کی نام نہاد فتح کے جھوٹ کو بے نقاب کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا فیصلہ ڈی جی ایم اوز کے رابطے اور باہمی رضامندی سے ہوا تھا۔ امریکا کی مدد سے حاصل کی جانے والی جنگ بندی کو بعد میں بھارت کی غیر مشروط فتح قرار دینا مضحکہ خیز ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت نے جنگ کے حقائق کو ڈی کلاسیفائی کرنے کے بجائے اپنی شدید فوجی ناکامی کو کامیابی دکھانے کے لیے پروپیگنڈا سمیٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلمی مناظر، مصنوعی ڈرامے اور جھوٹا بیانیہ بھارتی جنگی طیاروں کے نقصانات اور اصل عسکری حقائق کو ہرگز تبدیل نہیں کر سکتے۔ پاکستان کو معرکہ حق سے متعلق کوئی خود ساختہ بیانیہ گھڑنے کی ضرورت ہی نہیں کیونکہ پوری دنیا آپریشنل ریکارڈ، جنگی شواہد اور سفارتی رابطوں کی اصل حقیقت سے واقف ہے۔

آئی ایس پی آر نے ڈاکیومنٹری کے تضادات کو نمایاں کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی کونٹینٹ کریٹرز نے تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے لیے ڈرامہ گھڑا اور اس مضحکہ خیز ڈاکیومنٹری میں سینئر سیاسی و عسکری قیادت کو بھی شامل کیا گیا، جو ٹریجڈی اور کامیڈی کہلانے کی مستحق ہے۔ ڈاکیومنٹری میں 16 اپریل کے پاکستانی آرمی چیف کے خطاب کو 22 اپریل کے پہلگام واقعے سے جوڑ کر سازشی نظریہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

ترجمان نے سوال اٹھایا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے مبینہ 3 ملزمان کو 28 جولائی کو یعنی آپریشن سندور کے 82 دن بعد ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔ اگر یہ ملزمان 28 جولائی کو ہلاک ہوئے تو بھارتی حکام بتائیں کہ انہوں نے 7 مئی کو انہیں کس طرح سزا دینے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا؟

پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کے لیے مکمل پرعزم ہے، تاہم پاک فوج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ مستقبل میں کسی بھی بھارتی فوجی مہم جوئی کا جواب پہلے سے بھی زیادہ بھرپور اور فیصلہ کن ہوگا اور اگر بھارت نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو وہ دنیا کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔