مکہ معاہدہ خطے میں امن اور ترقی کیلئے ہے، بھارت دوبارہ حملے کی ہمت نہیں کرے گا، خواجہ آصف

خواجہ آصف نے تاریخی مکہ معاہدے کو خطے میں امن کا ضامن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو اصل خطرہ افغانستان کی سر زمین سے ہونے والی دہشت گردی سے ہے جبکہ بھارت خطے میں مکمل تنہا ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حال ہی میں طے پانے والا تاریخی دفاعی مکہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کا ضامن بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا خطہ گہرے مشکلات اور چیلنجز کا شکار ہے، تاہم پاکستان کا سب سے بڑا اور حقیقی خطرہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی ہے۔
وزیر دفاع نے بھارتی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس وقت پورے خطے میں تنہا ہو چکا ہے اور اس کا تعلق صرف اسرائیل سے رہ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر ٹرمپ کا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ معاہدے کا خیر مقدم
ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان سے جنگ ہار چکا ہے اور اس کو اس ایڈونچر سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔ بھارت اب پاکستان پر دوبارہ حملہ کرنے کی ہمت نہیں کرے گا۔
مشرق وسطیٰ اور مسلم دنیا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے اپنا ذاتی مؤقف پیش کیا کہ تمام امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران کا مؤقف بلکل واضح ہے کہ وہ کسی بھی ملک کے خلاف حملے نہیں کر رہا، بلکہ اس نے صرف امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران اپنے کسی پڑوسی یا مسلم ملک سے تعلقات خراب کرنے کی نیت نہیں رکھتا اور وہ آبنائے ہرمز کے اطراف تمام مسلم ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
خواجہ آصف نے امید ظاہر کی کہ ایران تاریخی مکہ معاہدے میں شامل ہو سکتا ہے اور مستقبل قریب میں ایران سمیت دیگر تمام مسلم ممالک اس کا حصہ بن کر ایک مضبوط بلاک بنا سکتے ہیں۔
ملکی سیاسی صورتحال اور آزاد کشمیر پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ان کا خیال ہے کہ آزاد کشمیر میں ایک مضبوط اور مستحکم حکومت قائم ہوگی۔
پیپلز پارٹی کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت صرف سیاسی باتیں کر رہی ہے اور وہ ان کا جواب دے کر سیاسی ماحول میں مزید تلخی پیدا نہیں کرنا چاہتے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











