بدھ، 19-اگست،2026
بدھ 1448/03/06هـ (19-08-2026م)

کراچی میں یوم آزادی کے اسٹال پر فائرنگ کرنے والے 3 دہشت گرد گرفتار

19 اگست, 2026 14:21

کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر لگائے گئے اسٹال پر فائرنگ کرنے والے کالعدم تنظیم ایس آر اے کے 3 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 کے سن سیٹ بلیوارڈ میں یوم آزادی کے موقع پر لگائے گئے اسٹال پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث 3 دہشت گردوں کو پولیس اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کے بعد گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی سول لائنز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی عرفان بہادر نے بتایا کہ 18 اگست 2026 کو کورنگی کازوے ندی کے قریب مقابلے کے بعد ان ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کی شناخت ظفر سجاد، فراز اور سجاد احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، زیارت، ہرنائی اور سوراب میں 9 سے زائد دہشت گرد ہلاک

ملزمان سے 2 دستی بم اور پستول برآمد ہوئے ہیں۔ فائرنگ کا یہ واقعہ 14 اگست کے روز پیش آیا تھا، جس میں روزگار کی غرض سے اسٹال پر موجود کورنگی کا رہائشی امان نامی نوجوان اپنی بیوی اور بچوں کے سامنے ٹارگٹ ہو کر جاں بحق ہو گیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے سے ہے، جس کے پیچھے بھارتی پراکسی شامل ہے اور بیرون ملک مقیم ارسلان شاہ نامی دہشت گرد نے اگست کے پہلے ہفتے میں انہیں رقم بھجوائی تھی تاکہ یوم آزادی کی تقریبات کو سبوتاژ کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق ملزمان نے واقعے سے 2 دن قبل ریکی کی تھی اور ان پر سی ٹی ڈی میں 4 جبکہ تھانہ ڈیفنس میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کا ٹاسک بھی دیا گیا تھا۔ بیرون ملک مقیم مرکزی ملزم کو جلد واپس لایا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔