جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

بانی پی ٹی آئی کو پمز میں تفصیلی معائنہ کرانے کے بعد جیل منتقل کردیا گیا، وہ مکمل صحت مند ہیں، عطا تارڑ

21 اگست, 2026 12:37

عطا تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا پمز میں الشفا اور پمز کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے طبی معائنہ کیا ہے اور وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی اسپتال منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قیدی کو تمام ضروری اور مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پمز اسپتال میں مستند اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور الشفا اسپتال کے ماہر ڈاکٹرز بھی اس معائنے کا حصہ تھے۔ ڈاکٹروں نے تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد بانی تحریک انصاف کو طبی طور پر مکمل طور پر صحت مند اور فٹ قرار دیا ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اصل پلان کے مطابق الشفا اسپتال جانا طے تھا تاہم تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے الشفا اسپتال کے راستے میں اور باہر جو سیکیورٹی کی نازک صورتحال پیدا کی گئی، اس کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے انہیں پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ کے حکم کے بجائے اگرحکومت بانی پی ٹی آئی کا علاج کرواتی تو بہتر ہوتا، بلاول بھٹو

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ طبی معائنے کے تمام مراحل کے دوران بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان خود وہاں موجود رہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ تمام طبی کارروائی اور چیک اپ مکمل ہونے کے بعد بانی تحریک انصاف کو صبح تقریباً 5 بجے واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں پہلے بھی تمام قانون کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور اب بھی جب کبھی ضرورت پڑے گی، انہیں بہترین اور تمام تر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو رات گئے اڈیالہ جیل سے انتہائی سیکیورٹی کے حصار میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اسپتال کے کارڈیالوجی شعبے میں رکھا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور ضروری طبی ٹیسٹ انجام دیئے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ بانِی پی ٹی آئی کو جیل سے اسپتال لانے کے لیے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور ان کے قافلے میں 3 لینڈ کروزر گاڑیوں سمیت سیکیورٹی فورسز کی 3 گاڑیاں شامل تھیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔