جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

پاکستان اور گوگل کے درمیان ڈیجیٹل تبدیلی اور آئی ٹی فروغ کے لیے تاریخی معاہدہ

21 اگست, 2026 13:56

پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت کی تربیت اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لیے تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں گوگل کی اعلیٰ سطحی ٹیم کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس کے دوران پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے فروغ کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

اس معاہدے کا بنیادی مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں کو عام کرنا، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات کو بڑھانا اور جدید تکنیکی شعبوں میں باہمی تعاون کو وسیع کرنا ہے۔

اس معاہدے کے تحت گوگل پاکستان میں کیریئر سرٹیفکیٹس پروگرام کو وسعت دے گا اور سال 2026 کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار سرٹیفکیٹس دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل ایک ہے، دشمن کی پراکسیز کو ناکام بنائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاکستانی طلبہ کی جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز تک رسائی بڑھانے کے لیے اتفاق کیا گیا ہے، جس کے تحت طلبا کو ایک سال تک گوگل کے جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز بشمول گوگل اے آئی پلس اور جیمنی تک مفت رسائی حاصل ہوگی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں مصنوعی ذہانت کا سینٹر آف ایکسیلنس قائم کیا جائے گا، جہاں پاکستانی نوجوانوں کو عالمی منڈیوں کی ضرورت کے مطابق جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔

معاہدے میں موبائل ایپلی کیشنز، گیمنگ انڈسٹری، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مضبوط بنانے، اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ڈیٹا اینالیٹکس کا استعمال شامل ہے۔

زراعت کے شعبے میں فصلوں کی پیش گوئی اور چھوٹے کاروباری اداروں کو عالمی منڈی تک پہنچانے کے لیے بھی گوگل تعاون فراہم کرے گا۔

وزیراعظم کے وژن 2030 کے تحت آئی ٹی برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جو اس شعبے کی تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔