بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل ایک ہے، دشمن کی پراکسیز کو ناکام بنائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی سیاسی قیادت اور شخصیات سے ملاقات کے دوران غیر ملکی پراکسیز کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے ملک سے ان کے خاتمے کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی ممتاز شخصیات اور سیاسی قیادت سے اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک ہی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام سے مالامال خطہ ہے۔ واضح قومی بیانیہ اور دیرپا امن و استحکام ہی صوبے کی حقیقی معاشی صلاحیتوں کو بیدار کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور وافر انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں بدلنے کے لیے بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں ہے، جو ہمارے معاشرے کا سب سے متحرک اور باامید حصہ ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کا بنیادی جزو ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، زیارت، ہرنائی اور سوراب میں 9 سے زائد دہشت گرد ہلاک
انہوں نے واضح کیا کہ فتنة الخوارج اور فتنة الہندستان دراصل غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی وہ پراکسیز ہیں، جنہیں دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے، اس کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ ان معاندانہ عزائم کو قوم کے مشترکہ عزم اور ریاست کے مضبوط، بے لچک اور قطعی ردعمل کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور تعمیری قومی بیانیے کو آگے بڑھانے میں بلوچستان کے معززین اور سماجی رہنماؤں کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کے پروپیگنڈے کا بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جامع انداز میں مقابلہ کیا جائے، جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کیا جائے اور بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیتوں، ترقی اور امنگوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف اور صرف بلوچستان کے عوام کے اپنے ہاتھوں میں ہے۔ تمام شرکا نے بھی ریاست اور مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا پورا حصہ ڈالنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









