جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

بلوچستان میں سرکاری اسلحہ چرا کر کالعدم تنظیموں کو بیچنے کا انکشاف، 3 ملزمان گرفتار

21 اگست, 2026 14:27

کوئٹہ میں سرکاری اسلحہ چرا کر کالعدم تنظیموں کو فروخت کرنے والے سابق لیویز اور پولیس افسر سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے مزید اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

بلوچستان میں سرکاری اسلحہ چوری کر کے کالعدم تنظیموں کو فروخت کرنے کے ایک سنگین اور سنسنی خیز اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ معمہ رواں سال مئی کے مہینے میں اس وقت سامنے آیا تھا، جب کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں ایکسائز کی ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روکا اور اس کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔ معاملہ انتہائی حساس ہونے کی وجہ سے کیس کی مزید تفتیش سی ٹی ڈی کے سپرد کی گئی۔

سی ٹی ڈی کی ٹیم نے جب اس کیس کی تفتیش شروع کی تو چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق سرکاری محکموں کا اسلحہ چوری کر کے کالعدم تنظیموں کو فروخت کیا جا رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : سورینج کوئلہ کان حادثے کی تینوں انکوائریاں مقررہ 15 دن میں مکمل نہ ہو سکیں

اس نیٹ ورک کا سراغ لگاتے ہوئے سی ٹی ڈی نے کوئٹہ کے علاقے کلی نوحصار میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر مزید اسلحہ برآمد کر لیا اور واقعے میں ملوث 2 اہم ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا۔

اس اسکینڈل کے تحت مجموعی طور پر 3 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں ایک سابق لیویز اہلکار اور ایک موجودہ پولیس افسر بھی شامل ہیں۔

پولیس افسران اور لیویز اہلکاروں کی اس گھناؤنے کھیل میں شمولیت نے سیکیورٹی اداروں کے الرٹ سسٹم پر کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

گرفتار ملزمان سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ کالعدم تنظیموں سے ان کے روابط اور مزید خرید و فروخت کا سراغ لگایا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔