این ای ڈی یونیورسٹی میں کروڑوں روپے مالیت کی 4 مشینیں غائب ہونے کا انکشاف

کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں 5 کروڑ 71 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی کروڑوں کی 4 جدید مشینیں غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی کی معروف این ای ڈی یونیورسٹی میں فزیکل ویری فکیشن اور آڈٹ کے دوران کروڑوں روپے کی مالی و انتظامی بے ضابطگیاں بے نقاب ہوئی ہیں۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق شعبہ فوڈ انجینئرنگ میں مجموعی طور پر 5 کروڑ 71 لاکھ 73 ہزار 640 روپے مالیت کی 4 اہم مشینیں موقع پر موجود نہیں تھیں۔
تفصیلات کے مطابق فزیکل ویری فکیشن میں 2 کروڑ 18 لاکھ روپے مالیت کا ہائیڈروجینیشن یونٹ اور 1 کروڑ 74 لاکھ روپے مالیت کا ڈیوڈرائزنگ یونٹ شعبہ فوڈ انجینئرنگ میں دستیاب نہیں پایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں 603 افراد جاں بحق ہوئے، 184 ہیوی گاڑیوں کا شکار
اس کے علاوہ ایک کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار روپے مالیت کا آئل پروڈکشن پلانٹ اور 69 لاکھ روپے مالیت کا ایف ٹی آئی آر اسپیکٹرومیٹر بھی فزیکل ویری فکیشن کے دوران موقع پر موجود نہیں تھا۔ آڈٹ رپورٹ میں مشینری کی عدم دستیابی کی وجوہات اور اس کے ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ میں این ای ڈی یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں اسٹاک اور ڈیڈ اسٹاک کے ریکارڈ میں بھی شدید بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جہاں پی پی سی مشین کا ریکارڈ برقرار نہیں رکھا گیا اور مختلف اشیاء کی ٹیکسوں سمیت مجموعی لاگت درست طور پر درج نہیں کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسٹاک رجسٹر میں کیمیکلز کی مقدار ایک کلو کے بجائے ایک گرام درج کی گئی ہے، جبکہ گزشتہ برسوں کے متعدد آڈٹ اعتراضات پر بھی تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب این ای ڈی یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر غضنفر نے آڈٹ اعتراضات پر اپنا وضاحتی مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مشین بننے کے لیے باہر گئی ہوئی ہے، جبکہ دوسری مشین خریدی ہی نہیں گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیسری مشین کو واپس کر دیا گیا تھا اور آڈٹ اعتراضات سامنے آنے کے بعد تمام مشینری کی فزیکل ویری فکیشن دوبارہ کروا لی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









