مارگلہ ہلز کے قریب گاؤں میں شیر کی افواہ، شہری گھروں میں محصور ہو گئے

اسلام آباد کے گاؤں میں رات گئے شیر نکل آنے کی خبروں سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم وائلڈ لائف ٹیم کو سرچ آپریشن کے دوران شیر کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔
اسلام آباد کے مارگلہ ہلز سے ملحقہ سید پور گاؤں میں رات کی تاریکی میں مبینہ طور پر شیر نکل آنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے باعث علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق رات کے وقت اہل علاقہ نے گاؤں کی گلیوں میں شیر دیکھا، جس کے بعد شہریوں نے خوف کے باعث اپنے گھروں کے دروازے بند کر لیے اور لوگ گھروں کے اندر محصور ہو کر رہ گئے۔
علاقائی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سید پور گاؤں میں شیر کی آمد نے شہریوں کی نیندیں اڑا دیں اور مبینہ طور پر شیر نے ایک پالتو کتے کو بھی مار ڈالا۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع
علاقے میں سنسنی پھیلنے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کو اطلاع دی، جس پر وائلڈ لائف کی ریسکیو ٹیم نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے فوری طور پر سید پور گاؤں کا دورہ کیا۔
تاہم معائنے کے بعد اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریسکیو ٹیم کو علاقے سے شیر یا تیندوے کی موجودگی کے کوئی شواہد، پگ مارکس یعنی قدموں کے نشانات یا دیگر علامات نہیں ملی ہیں۔ اس کے علاوہ مبینہ طور پر شیر کے ہاتھوں مارے گئے پالتو کتے کی لاش بھی موقع سے برآمد نہیں ہوئی ہے۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک عام تیندوے کا قدرتی مسکن ہے، جہاں وہ اکثر متحرک رہتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









