جمعرات، 10-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/28هـ (10-09-2026م)

پنجاب اسمبلی کا سولر پینلز اور بیٹریز کی ری سائیکلنگ کے لیے قانون سازی کا مطالبہ

02 ستمبر, 2026 12:45

لاہور: پنجاب اسمبلی نے صوبے میں سولر پینلز اور جدید بیٹریز کی مقامی سطح پر تیاری کے فروغ کے ساتھ ساتھ استعمال شدہ اور زائد المیعاد سولر پینلز و بیٹریز کی محفوظ ری سائیکلنگ اور تلفی کے لیے جامع پالیسی اور قانون سازی کا مطالبہ کردیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن نادیہ کھر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرارداد کے ذریعے حکومت پنجاب کی توجہ خراب اور زائد المیعاد سولر پینلز اور بیٹریز کی محفوظ تلفی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ملک میں سولر پینلز کی تنصیب اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مستقبل میں صوبے بھر میں استعمال شدہ سولر پینلز اور بیٹریز کی تعداد بھی بڑھنے کا امکان ہے۔

ایوان نے نشاندہی کی کہ استعمال شدہ یا زائد المیعاد سولر پینلز اور بیٹریز کی محفوظ تلفی اور ری سائیکلنگ کے لیے مؤثر پالیسی اور ضروری قانون سازی کا فقدان ماحول اور انسانی صحت کے لیے ایک اہم چیلنج بن سکتا ہے۔

منظور شدہ قرارداد میں حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں استعمال شدہ بیٹریز کی محفوظ ری سائیکلنگ اور تلفی کے لیے جامع پالیسی تشکیل دی جائے اور اس مقصد کے لیے ضروری قانون سازی بھی کی جائے۔

قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ زائد المیعاد سولر پینلز کو جمع کرنے کے لیے مخصوص مراکز یا مقامات قائم کیے جائیں۔ ان مراکز پر قابل استعمال مواد کو ری سائیکلنگ کے لیے الگ کیا جائے، جبکہ ناقابل استعمال کچرے کو ماحولیاتی اور انسانی صحت کے تحفظ کے اصولوں کے مطابق محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے۔

پنجاب اسمبلی نے شہریوں کی جانب سے استعمال شدہ سولر پینلز کو غیر محفوظ طریقے سے پھینکنے کے عمل کو خلاف قانون قرار دینے اور ایسی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کرنے کی سفارش بھی کی۔

ایوان نے حکومت پنجاب پر زور دیا کہ صوبے میں سولر پینلز اور جدید بیٹریز کی مقامی تیاری کی صنعت کے فروغ کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ارکان کے مطابق مقامی صنعت کے فروغ سے توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کے ساتھ روزگار اور کاروباری مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

قرارداد میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سولر توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر مستقبل میں پیدا ہونے والے الیکٹرانک اور صنعتی کچرے سے نمٹنے کے لیے ابھی سے مؤثر نظام تشکیل دینا ضروری ہے۔

پنجاب اسمبلی کے مطابق سولر پینلز اور بیٹریز کی مناسب ری سائیکلنگ اور محفوظ تلفی نہ صرف ماحول کو ممکنہ نقصان سے بچانے میں مدد دے گی بلکہ انسانی صحت کے تحفظ اور پائیدار توانائی کے استعمال کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔