جمعرات، 3-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/20هـ (02-09-2026م)

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، سیکیورٹی اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں معاہدے

02 ستمبر, 2026 14:36

پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تعلقات کو تقویت دینے کے لیے تجارت، سیکیورٹی، تعلیم، ماحولیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر نورگوژووچ ژاپاروف نے وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

یہ معاہدے وزیراعظم شہباز شریف کے تین روزہ دورہ بشکیک کے دوران طے پائے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے گئے تھے۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے سال 2026 سے 2027 کے لیے سفارتی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے، جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغزستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان تحقیقی تعاون بڑھانے کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کا صدارتی محل آمد پر پرتپاک استقبال، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں پر دستخط

تجارت کو آسان بنانے کے لیے ٹرانزٹ ٹریڈ، سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون اور مجرموں کی حوالگی کے معاہدے کو حتمی شکل دی گئی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان فوجداری معاملات میں باہمی قانونی امداد کے لیے مسودے کو بھی حتمی شکل دی گئی۔

دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان منشیات اور کیمیکلز کی غیر قانونی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

صحت اور تعلیم کے شعبے میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کرغز وزارت صحت کے درمیان طبی تعلیم میں تعاون، جبکہ دونوں ممالک کی تعلیمی وزارتوں کے درمیان تعلیمی شعبے کو فروغ دینے کا معاہدہ ہوا۔

ماحولیاتی تبدیلی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان اور کرغز انسٹی ٹیوٹ کے درمیان تعلیمی تحقیق، اور ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان ڈیجیٹل کرنسی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے بھی عمل میں آئے۔

پاکستان اور کرغزستان نے لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کے درمیان جڑواں شہروں کا تعلق قائم کرنے کا معاہدہ کیا۔

پوسٹل سروسز کے میدان میں پاکستان پوسٹ اور کرغز پوسٹ جبکہ کاروباری روابط بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے ایوان تجارت و صنعت کے درمیان بھی دستخط کیے گئے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔