پاک افغان سرحد پر دراندازی ناکام، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 15 خوارج ہلاک

شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے ایک گروپ کی سرحد پار سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 31 اگست اور ایک ستمبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحدی علاقے میں خوارج کے ایک گروہ کی مشکوک نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔
اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر و تحمل اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارج کو گھیراؤ میں لیا اور انہیں مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
تقریباً 36 گھنٹے تک مسلسل جاری رہنے والے اس تلاشی اور کلیئرنس آپریشن کے نتیجے میں 15 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں جدید اسلحہ، گولا بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : خارجی دہشت گردوں کی آڈیو لیک، عام شہریوں کو کواڈ کاپٹر سے نشانہ بنانے کا منصوبہ بے نقاب
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ اس ناکام دراندازی سے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم ایک بار پھر بے نقاب ہو گئے ہیں۔
پاک فوج نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے اور وہ مؤثر سرحدی انتظام اور اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکامی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
علاقے میں موجود مزید خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی تمام کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی اور غیر ملکی سرپرستی و حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں گے۔
اس کامیاب کارروائی پر وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج نے بہادری اور مہارت سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے اور پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے 15 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور دشمن کے منصوبے کو تباہ کر دیا۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی دراندازی ناکام بنانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے فورسز کو مبارکباد دی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









