جمعرات، 3-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/21هـ (03-09-2026م)

جماعت اسلامی کی کال پر کراچی میں ہڑتال، مختلف علاقوں میں ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک، 2 موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی

03 ستمبر, 2026 14:24

جماعت اسلامی کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف کراچی میں ہڑتال کی گئی، جس کے دوران مختلف علاقوں میں سڑکیں بلاک کرنے، ٹائر جلانے اور دکانیں بند کرانے کے واقعات پیش آئے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور لیوی ٹیکس کے خلاف دی گئی ہڑتال کی کال پر کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے دیکھنے میں آئے۔

صبح سویرے شہر کے کئی حصوں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا۔ کورنگی اور سرجانی روڈ پر نامعلوم افراد نے ٹائر نذر آتش کر کے سڑکوں کو آمدورفت کے لیے بلاک کر دیا، جس کی وجہ سے صبح سویرے اپنے دفاتر اور کام کاج پر جانے والے شہریوں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچنے کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی کی شناخت، سرکاری اسکولوں میں ممتاز دہلی گورنمنٹ اسکول سیل، 2 ہزار طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

ہڑتال کے باعث شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی عام دنوں کے مقابلے میں کافی کم رہی۔ اکثر علاقوں میں صبح کے وقت کھلنے والے ہوٹل اور چائے کے ڈھابے بند رہے۔

کورنگی کراسنگ کے قریب نامعلوم افراد نے نہ صرف روڈ پر ٹائر جلائے بلکہ 2 موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگا کر مکمل طور پر جلا دیا۔ اس کے علاوہ صفورہ چورنگی اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے کھلنے والے پیٹرول پمپس اور دکانیں زبر دستی بند کروائی گئیں۔

عزیز آباد کے علاقے حسین آباد میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے دکانیں اور کاروباری مراکز زبردستی بند کرانے کے واقعات سامنے آئے۔

ان ناخوشگوار واقعات کے بعد پولیس نے شہر بھر کے حساس علاقوں اور چورنگیوں پر اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔ ہڑتال کے باعث کراچی کے اکثر حصوں میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔