نارووال مندر کی عمارت طوفانی بارش سے متاثر ہوئی، دفترِ خارجہ نے بھارتی الزامات مسترد کر دیئے

ترجمان دفترِ خارجہ نے نارووال مندر سے متعلق تمام بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21 جولائی کو طوفانی بارشوں سے متاثرہ عمارت کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
پاکستان نے نارووال میں واقع مندر سے متعلق بھارت کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کر دیا۔ ترجمان دفترِ خارجہ سجاد حیدر نے بتایا کہ نارووال میں مندر کی عمارت 21 جولائی کو آنے والی شدید طوفانی بارشوں اور خراب موسم کے باعث متاثر ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے بارشوں سے ہونے والے نقصان کا فوری اور مکمل جائزہ لے کر مندر کی بحالی اور مرمت کا کام شروع کر دیا ہے، تاکہ عمارت کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جا سکے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ حقائق کو مسخ کرنا اور ہر معاملے پر سیاسی فائدے کے لیے سیاست چمکانا بھارت کا پرانا وطیرہ بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خودکشیاں اور تربیتی حادثات، بھارتی فوج کے داخلی نظام اور تربیت پر سنگین سوالات اٹھ گئے
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ ناپاک اور جھوٹا پروپیگنڈا اس کے اپنے ملک میں اقلیتوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہرگز نہیں ہٹا سکتا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ کس طرح بھارت میں ہندو توا نظریے کو اقلیتوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
دفترِ خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اس کا سخت محاسبہ کرے۔
سجاد حیدر کا کہنا تھا کہ بھارت کے اندر اقلیتوں پر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے مظالم اور جبر کے حقائق اب پوری دنیا کے سامنے واضح ہو چکے ہیں، اور بھارت ان مظالم کو چھپانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات تراشی کر رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











