آزاد کشمیر میں فسادی جتھے کے مسلح شرپسندوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ، ایف سی اہلکار شہید، رینجرز اہلکار زخمی

آزاد جموں و کشمیر میں عوامی حقوق کے احتجاج کے دوران مسلح افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کا ایک اہلکار شہید جبکہ پاکستان رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق ضلع باغ میں چھترہ ٹوپی روڈ پر قائم کوپرہ پولیس چوکی اور تراڑکھل ایکسز کے مقامات پر مسلح افراد نے سیکیورٹی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی اہلکار رحیم گل شہید ہوگئے جبکہ پاکستان رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا، جس کے دوران جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آور کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ، ایک کلاشنکوف، 3 میگزین بمعہ ایمونیشن اور ایک خنجر برآمد کیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور سیکیورٹی فورسز و شہریوں پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
پولیس ترجمان کے مطابق ریاست کی بالادستی اور امن عامہ کے قیام کے لیے پرتشدد عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











