ملک کی قسمت چند بزنس مین طے نہیں کرسکتے، تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملکی سیاسی و معاشی نظام پر سخت تحفظات کا اظہار کیا اور تمام قومی مسائل کا حل پارلیمان اور جمہوریت میں قرار دیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں میڈیا کے نمائندوں سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے پیپلزپارٹی کو واضح اکثریت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پنجاب کے حوالے سے بھی عوام اپنی رائے کا اظہار کرچکے ہیں جبکہ نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملے پر سندھ اسمبلی نے بھی حال ہی میں اپنا واضح نکتہ نظر پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی عوام کے مسائل پر مسلسل آواز اٹھاتی رہتی ہے اور عوامی مشکلات کا حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ صرف نئے صوبے بنا دینے سے ملک سے مہنگائی اور بے روزگاری ختم ہو جائے گی۔ پاکستان کے تمام مسائل کا واحد حل جمہوریت میں ہے کیونکہ طاقت کا اصل سرچشمہ ملک کے عوام ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : میئر کراچی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے لیے پی ٹی آئی اور جماعتِ اسلامی کے درمیان رابطہ
ملکی نظام پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ محسن نقوی کی اپنی رائے ہو سکتی ہے اور بولنا ان کا حق ہے، تاہم اگر پورا سسٹم ناکام ہو چکا ہے تو اس پر قومی اسمبلی کے ایوان میں کھل کر بحث ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ پاکستان جیسے اہم ملک کی قسمت کا فیصلہ چند بزنس مین کریں۔ سسٹم کی ناکامی کی وجوہات اور اس کے حل پر پارلیمنٹ کے اندر بات ہونی چاہیے۔ وہ جلد پاکستان پہنچ کر قومی اسمبلی میں اس موضوع پر خود بھی مؤقف پیش کریں گے۔
حکومتی تعلقات اور سیاسی روابط کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت ان سے مسلسل رابطے میں ہے اور مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے نمائندوں کی ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں، جن میں پارٹی کا نکتہ نظر اور تحفظات کھل کر سامنے رکھے گئے ہیں۔
بلاول بھٹو نے زور دیا کہ پاکستان جس موڑ پر کھڑا ہے، وہاں کوئی ایک سیاسی جماعت اکیلے مسائل کا حل نہیں نکال سکتی بلکہ تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ نہ ہونے کا تاثر غلط ہے۔ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ رہے ہیں لیکن پارلیمان کے اندر پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے درمیان بہترین تعاون رہا ہے۔ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں بھی تاریخ میں پہلی بار جے یو آئی اور پیپلزپارٹی کا سیاسی اتحاد قائم ہوا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










