اپنا گھر اسکیم: موزوں جائیدادوں کے سروے کا حکم، قرضوں کی فراہمی میں تیزی کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ’اپنا گھر اسکیم‘ کے تحت گھر بنانے کے خواہشمند افراد کو قرضوں کی فراہمی آسان بنانے کے لیے ملک بھر میں موزوں جائیدادوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ’اپنا گھر اسکیم‘ سمیت زرعی شعبے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے قرضوں کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53 ہزار 127 درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں۔ منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313.42 ارب روپے ہے، جبکہ 8,739 افراد کو مجموعی طور پر 45.43 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔
وزیراعظم نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی جائیدادوں اور پلاٹس کی نشاندہی کے لیے جامع سروے کرایا جائے جو اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنے کے لیے رہن رکھے جانے کی شرائط پر پورا اترتے ہوں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں موزوں پلاٹس کی نشاندہی کے لیے ایک نظام بھی تیار کیا جارہا ہے، جس کے تحت رہن کے قابل جائیدادوں کی شناخت میں مدد ملے گی۔ اسلام آباد کو اس منصوبے کے لیے پائلٹ سٹی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے اسکیم کو مزید مؤثر اور وسیع بنانے کے لیے معروف ہاؤسنگ ڈویلپرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا مؤثر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ ہاؤسنگ کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں، تاکہ شہریوں اور کاروباری افراد کو مالی سہولتوں تک بہتر رسائی حاصل ہوسکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












