وزیر اعظم کی کسانوں اور چھوٹے تاجروں کو آسان قرضے فراہم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم، زراعت اور چھوٹے کاروباروں کے لیے مالی وسائل اور آسان قرضوں کی فراہمی کا جائز ہ لیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایکسس ٹو فنانس پلان کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم، زرعی شعبے اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو مالی وسائل کی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، کم آمدنی والے طبقات اور چھوٹے تاجروں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کریں۔
یہ بھی پڑھیں : ہائبرڈ وارفیئر کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں ناکام بنائیں گے، وزیر اعظم
شہباز شریف نے واضح کیا کہ زرعی شعبہ ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسانوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بینک قرضوں کی فراہمی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسی املاک کا جامع سروے کریں، جن پر بینک مستحق افراد کو ہاؤسنگ قرضے فراہم کر سکیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ 47 ہزار 504 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 53 ہزار 127 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں۔
ان منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313.42 بلین روپے ہے، جبکہ 8 ہزار 739 درخواست گزاروں کو 45.43 بلین روپے کے قرضے دیئے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں قانونی اور مورگیج کی شرائط پوری کرنے والے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے ایک جدید نظام تیار کیا جا رہا ہے، جس کا پائلٹ پروجیکٹ اسلام آباد سے شروع ہوگا۔ اسکیم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ملک کے معروف ہاؤس ڈویلپرز کو بھی اس عمل کا حصہ بنایا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











