جمعرات، 10-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/28هـ (10-09-2026م)

بچوں کے ب فارم سے متعلق نادرا نے والدین کیلئے اہم ہدایت جاری کردی

10 ستمبر, 2026 16:00

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بچوں کے ب فارم سے متعلق والدین کیلئے اہم معلومات جاری کردی ہیں۔ نئے نظام کے تحت بچوں کیلئے تصویر اور فنگر پرنٹس والا ب فارم جاری کیا جارہا ہے۔

نادرا کے مطابق پیدائش سے 18 سال تک کی عمر کے بچوں کیلئے ب فارم کو عمر کے تین مختلف مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پیدائش سے 3 سال تک کے بچوں کیلئے ایک قسم کا ب فارم جاری ہوگا۔ 3 سے 10 سال کی عمر کے بچوں کیلئے دوسرا ب فارم ہوگا، جبکہ 10 سے 18 سال تک کے بچوں کیلئے تیسرا تصویر والا ب فارم جاری کیا جائے گا۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ اگر بچے کا نیا تصویر اور فنگر پرنٹس والا ب فارم نہیں بنا ہوا تو نادرا کے ریکارڈ میں بچے کی تصویر اور فنگر پرنٹس موجود نہیں ہوں گے۔ اس صورتحال میں والدین کو بچے کی شناختی دستاویزات سے متعلق آئندہ مراحل میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ادارے کے مطابق بچوں کے شناختی ریکارڈ کو مکمل اور اپ ڈیٹ رکھنے کیلئے والدین کو اپنے بچے کے ب فارم کی موجودہ حیثیت ضرور چیک کرنی چاہیے۔ خاص طور پر ایسے بچوں کے والدین جن کا پرانا ب فارم موجود ہے، وہ نئے تقاضوں کے مطابق دستاویزات مکمل کرنے پر توجہ دیں۔

نادرا نے یہ بھی بتایا ہے کہ بچے کا پہلا شناختی کارڈ نادرا سینٹر سے ہی جاری ہوگا۔ پہلی مرتبہ شناختی کارڈ بنوانے کیلئے والدین یا سرپرست کو بچے کے ہمراہ قریبی نادرا مرکز سے رجوع کرنا ہوگا۔

والدین کیلئے ضروری ہے کہ بچے کی عمر کے مطابق ب فارم کی قسم اور نادرا کے ریکارڈ میں موجود معلومات کو درست رکھیں۔ اس سے مستقبل میں شناختی کارڈ بنوانے کے عمل میں غیر ضروری مشکلات سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔