خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کیلئے صحت کارڈ میں نئی سہولت کی تجویز

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے صحت کارڈ پلس کے تحت نئی سہولت متعارف کروانے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔ اس تجویز کے تحت سرکاری ملازمین کیلئے ٹاپ اَپ ہیلتھ پیکج متعارف کروانے پر غور کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صحت کارڈ پلس پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پروگرام کو مزید بہتر، منظم اور دیرپا بنانے کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے صحت کارڈ کی موجودہ سہولت اور اس میں مزید بہتری کے امکانات پر بھی بریفنگ دی۔
اجلاس میں مہنگے علاج کی کوریج بڑھانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ صحت کارڈ کے تحت مختلف طبی خدمات کے سروس ریٹس میں اضافے پر غور کیا گیا۔ حکومت کا مقصد علاج کی بڑھتی ہوئی لاگت کے مطابق صحت کارڈ کی سہولت کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
سرکاری ملازمین کیلئے ٹاپ اَپ ہیلتھ پیکج بھی اجلاس میں زیر غور آیا۔ اس پیکج کے ذریعے سرکاری ملازمین کو صحت کارڈ کے موجودہ دائرہ کار سے اضافی طبی سہولت فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ حکومتی منظوری کے بعد ہوگا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔
انہوں نے بنیادی صحت مراکز میں اصلاحات اور جدید سہولتیں متعارف کروانے پر بھی زور دیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ عوام کو علاج کی سہولت ان کے گھروں کے قریب دستیاب ہو۔ اس مقصد کیلئے بنیادی مراکز صحت کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صحت اور تعلیم سے متعلق امور بروقت مکمل کیے جائیں۔ ان شعبوں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے صحت کارڈ پلس کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے بھی مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پروگرام کے وسائل شفاف انداز میں استعمال ہوں اور مستحق افراد کو علاج کی سہولت بروقت ملے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










